عوام خشک سالی کے خاتمے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں، بارشوں اور برف باری سے عارضی مشکلات کا صبر وہمت سے مقابلہ کیا جائے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

ْ

اتوار 15 جنوری 2017 22:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ عوام خشک سالی کے خاتمے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں بارشوں اور برف باری کے باعث پیدا ہونے والی عارضی مشکلات کا صبر وہمت سے مقابلہ کریں مزید بارشوں اور برف باری کی پیشنگوئی کے پیش نظر سفر سے گریز کریں اور اپنے علاقوں میں برف باری سے لطف اندوز ہوں حکومتی مشینری کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور وہ خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھ سے رابطہ میں رہتے ہوئے انہیںضروری ہدایات جاری کیںوزیر اعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں صوبائی حکومت نے سفری ہدایات بھی جاری کردیں تاکہ مسافروں کو مشکلات اور پریشانی سے محفوظ رکھا جاسکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چیف سیکریٹری بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ قومی شاہراہوں پر پولیس ، لیویز اور متعلقہ محکموں کے مزید اہلکا ر تعینات کرکے ان کے گشت میں اضافہ کیا جائے، لکپاس ، بولان پاس ، کوژک ٹاپ ،کان مہترزئی ، چپرلفٹ اور دیگر حساس مقامات پر ریسکیومراکز قائم کرکے وہاں بچوں کی غذا ، دودھ ، پانی دیگر اشیاء خوردونوش و کمبل فراہم کئے جائیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مسافروں کی مدد کی جاسکے اس کے ساتھ ساتھ ان مقامات پر ڈوزر ، گریڈر اور دیگر مشینری بھی دستیاب رکھی جائے جو برف باری کی صورت میں سڑکو ں کو صاف کر سکے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے مختلف مقامات پر روکی گئی مسافر بسوں کے مسافروں کو خوراک اور کمبلوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ذاتی توجہ اور نگرانی کے باعث کوئٹہ کراچی شاہراہ، کوئٹہ سبی اور لکپاس کو ٹریفک کے لئے بحال کرکے گذشتہ روز سے پھسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنا ممکن ہوسکا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے برف باری کے باعث بند ہو جانے والی شاہراہوں کی بحالی پر انتظامیہ ، محکمہ مواصلات ، این ایچ اے ، لیویز فور س اور ایف سی کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :