پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریز کے صدر آصف علی زرداری دورہ امریکہ کیلئے کراچی سے دبئی روانہ ہوگئے

20جنوری کوامریکہ میں نومنتخب صدرڈونلڈٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے

اتوار 15 جنوری 2017 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریز کے صدر آصف علی زرداری دورہ امریکہ کے لیے کراچی سے دبئی روانہ ہوگئے۔ بلاول بھٹو زرداری 19جنوری کو ہونے والی لاہور فیصل آباد ریلی کے بعد امریکہ روانہ ہوں گے۔ سابق صدرآصف علی زرداری اتوارکی شام کراچی سے دبئی روانہ ہوگئے جہاں قیام کے بعد وہ 17 جنوری کوامریکہ روانہ ہوجائیں گے ، آصف زرداری 20جنوری کوامریکہ میں نومنتخب صدرڈونلڈٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے جبکہ وہ دوفروری کوامریکی صدرباراک اوباما کے لنچ میں شرکت کریں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری انیس جنوری کو ہونے والی لاہور فیصل آباد ریلی کے بعد امریکہ روانہ ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق، بلاول بھٹو کی پچیس جنوری کو امریکہ روانگی کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو کی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں طے ہو گئی ہیں۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو امریکہ کی نئی اور پرانی انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ امریکی سینیٹرز، کانگریس کے نمائندوں اور دیگر امریکی حکام سے بھی ان کی ملاقاتیں ہونگی جن میں پاک بھارت تعلقات ،افغان پالیسی ، چین کے ساتھ تجارتی تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوگا ۔

بلاول بھٹو کی ملاقاتوں کا ایجنڈا پاک امریکہ تعلقات میں بہتری لانا ہو گا۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی امریکی حکام سے الگ الگ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ آصف زرداری امریکہ میں قیام کے دوران طبی معائنہ بھی کرائیں گے اورفروری کے پہلے ہفتے میں ان کی وطن واپسی کا امکان ہے۔