چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ کاافغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون،دہشت گردی کے حالیہ واقعات میںجانی نقصان پرتعزیت کااظہار

پاک افغان سرحد پردہشت گردوں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے موثر بارڈرمینجمنٹ اورانٹیلی جنس کے شعبے میں تعاون ضروری ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ لزام تراشیوں سے خطے میں امن دشمن عناصرکوتقویت ملی ہے، دونوں ممالک کو آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے استفادے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے،سربراہ پاک فوج خطے میں امن اوراستحکام کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے، افغان صدراشرف غنی

اتوار 15 جنوری 2017 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پردہشت گردوں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے دونوں ممالک کی طرف سے موثر بارڈرمینجمنٹ اورانٹیلی جنس کے شعبے میں تعاون کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ الزام تراشیوں سے خطے میں امن دشمن عناصرکوتقویت ملی ہے،، دونوں ممالک کو آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے استفادے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے،جبکہ افغان صدراشرف غنی نے خطے میں امن اوراستحکام کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پرزوردیاہے۔

اتوار کوآئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ نے افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون کیا اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں ہونیوالے جانی نقصان پرتعزیت کااظہارکیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے دہشت گردی کانشانہ بننے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کااظہار کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے دونوں برادرممالک کے عوام کو المناک واقعات کاسامنا ہے ۔

جنرل قمرجاوید باجوہ نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے افغان حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستانی تعاون کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی لعنت پورے خطے کے امن اوراستحکام پر اثرانداز ہورہی ہے ۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہاکہ پاکستان نے ہررنگ ونسل کی دہشت گردی کیخلاف طویل عرصہ جنگ لڑی ہے اوردہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کاخاتمہ کیاجاچکا ہے۔

آرمی چیف نے موثر بارڈرمینجمنٹ اورانٹیلی جنس کے شعبے میں تعاون کی ضرورت پرزوردیا تاکہ دونوں طرف سے دہشتگردوں کی نقل وحرکت روکی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ایک دوسرے پرالزام تراشی سے خطے میں امن کے مخالف عناصرکوتقویت ملی ہے، دونوں ممالک کو پاکستان میں کامیاب آپریشن ضرب سے حاصل شدہ کامیابیوں سے استفادے پرتوجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ افغان صدر اشرف غنی نے جنرل قمرجاوید باجوہ کے جذبات پرتشکر کااطہارکرنے ہوگے زوردیا کہ دونوں ممالک کو خطے میں امن اوراستحکام کیلئے ہرصور ت مل کر کام کرناچاہیے۔

متعلقہ عنوان :