پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کردیا

کھاد پرسبسڈی کے خاتمے کے فیصلے کی طرح حکومت کو یہ فیصلہ بھی واپس لینا ہوگا،حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کر کے کسانوں، مزدوروں اور عوام پر بد ترین حملہ کیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت ان کی زندگی اجیرن کر رہی ہے، پیپلز پارٹی اسمبلی کے اندر اور باہر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف بھر پور احتجاج کریگی ،حکومتی دعووں کے برعکس عوام کے پاس نہ بجلی ہے اور نہ گیس مگر حکومت نے بلوں اور ٹیکسوں اور مہنگائی کی صورت میں عوام کو نشانے پر رکھا ہوا ہے،قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کا بیان

اتوار 15 جنوری 2017 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کر کے کسانوں، مزدوروں اور عوام پر بد ترین حملہکیا ہے، سبسڈی کے خاتمے کے فیصلے کی طرح حکومت کو یہ فیصلہ بھی واپس لینا ہوگا، عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت ان کی زندگی اجیرن کر رہی ہے، پیپلز پارٹی اسمبلی کے اندر اور باہر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف بھر پور احتجاج کرے گی ،حکومتی دعووں کے برعکس عوام کے پاس نہ بجلی ہے اور نہ گیس مگر حکومت نے بلوں اور ٹیکسوں اور مہنگائی کی صورت میں عوام کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کر کے نہ صرف عام عوام بلکہ کسانوں، مزدوروں اور عوام پر بد ترین وار کیا ہے اور حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف عوام کو انفرادی نقصان ہوگا بلکہ مجموعی ملکی معیشت بھی متاثر ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت نے کسان پیکج کا اعلان کیا اور پھر کھاد پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کرکے کسان دشمنی کا بد ترین ثبوت دیا۔

مگر پھر اپوزیشن کے دباو پر وہ فیصلہ واپس لے لیا اور اب پٹرول اور قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو لوٹنے کا نیاحربہ ازمایا ہے۔ مگر سبسڈی کے خاتمے کے فیصلے کی طرح حکومت کو یہ فیصلہ بھی واپس لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت ان کی زندگی اجیرن کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں اور وہ سستا پٹرول اورڈیزل خرید کر عوام کو انتہائی مہنگے داموں فروخت کررہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسمبلی کے اندر اور باہر اس اضافے کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی اور ہم کسی صورت یہ برداشت نہیں کریں گے کہ حکومت کے بلاجواز اقدامات کی وجہ سے عوام کی زندگی مشکل بنا دی جائے اور ہماری معیشت کا پہیہ جام کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی دعووں کے برعکس عوام کے پاس نہ بجلی ہے اور نہ گیس مگر حکومت نے بلوں اور ٹیکسوں اور مہنگائی کی صورت میں عوام کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔(رڈ)