غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہ آئیں‘پی ایس ایل کا فائنل ہر صورت لاہور میں ہوگا، چیئرمین پی سی بی

اتوار 15 جنوری 2017 19:30

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خطرے میں پڑنے اور فیکا کی طرف سے پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال پر عدم اعتماد کے باجود پی سی بی پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کروانے کے لئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل ہر صورت لاہور میں ہوگا،چاہے غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہ آئیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلزکلارک سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینی28 جنوری کو لاہور پہنچیں گے۔لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور انہیں پاکستان میں کھیلنے پر رضا مند کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورت حال پہلے سے بہتر ہے ،آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کے ساتھ سیکورٹی وفد 28جنوری کو لاہور آئے گا جسے سیکورٹی کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے نام فائنل ہو چکے ہیں جس کا اعلان جلد کر دیاجائے گا۔