فیصل آباد,وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے تحت مشینی کاشت کو منافع بخش بنانے کیلئے زرعی آلات کا سیٹ پچاس فیصد سبسڈی پر فراہم

اتوار 15 جنوری 2017 19:30

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے تحت مشینی کاشت کے فروغ اور کاشتکاری کو منافع بخش بنانے کیلئے دوسرے مرحلے میں صوبہ بھر کے اضلاع میں دیہی یونین کونسلز کی سطح پر ایک زمیندار کو زرعی آلات کا سیٹ پچاس فیصد سبسڈی پر فراہم کیا جارہا ہے اس سلسلے میں ضلع کی تحصیل فیصل آباد کے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے کاشتکاروں میں مشینری کی تقسیم کے سلسلے میں تقریب ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ہال میں منعقد ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور ایم این اے ڈاکٹر نثار جٹ نے خوش نصیب کاشتکاروں میں روٹاویٹر،ڈسک ہیرو، چیزل ہل،ربیع ڈرل اور شوگر کین رجر پر مشتمل زرعی آلات کے سیٹ اورالاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کئے۔ڈائریکٹر ایگریکلچر چوہدری عبدالحمید،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شبیر افضل وڑائچ،ایگریکلچر انجینئرز،زرعی فرمز کے نمائندے امجد علی،حافظ ساجد اور ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے زرعی آلات حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے زمینداروں کو پچاس فیصد رعایتی قیمت پر مشینری کی فراہمی کی بدولت نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ زرعی عوامل بھی منافع بخش ثابت ہونگے۔انہوں نے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے اہم نکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دراصل 100 ارب روپے کے کسان پیکج سے صوبہ بھر میں کسانوں کو سوا دوسو ارب روپے کا فائدہ ہوگا جس میں کنگی سے پاک بیج کی فراہمی سے لیکر خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام،ٹیوب ویلز پر بجلی کے نرخوں میں واضح کمی،سوائل سمپلنگ،ای کریڈٹ،بلاسود قرضہ جات اوردیگر فوائد شامل ہیں۔

ڈی سی نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ اس سکیم سے بھرپور استفادہ کریں اور یونین کونسلز کے دیگر چھوٹے زمینداروں کو بھی یہ سہولت فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال اور ترقی کرے گا۔انہوں نے ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید کی سربراہی میں محکمہ کی کارکردگی کو سراہا۔

ایم این اے ڈاکٹر نثار جٹ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف شعبہ زراعت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور کسانوں کو رعایتی نرخوں پر زرعی آلات کی تقسیم انہی اقدامات کی کڑی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ مشینری کو بروئے کار لاتے ہوئے زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں اور زرعی آلات کی دیکھ بھال کی بھی یقینی بنائیں۔

ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ مشینی کاشت کے فروغ کے اس منصوبہ کے تحت ضلع کی 160 دیہی یونین کونسلز سے مجموعی طور پر 1478 درخواستیں موصول ہوئیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے 160 کاشتکار منتخب ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ایک سے 6 ایکڑ رقبہ کے حامل تحصیل فیصل آباد سے 47،سمندری سی25،جڑانوالہ سے 50،تاندلیانوالہ کے 25 اور چک جھمرہ کے 13 کاشتکاروں کو زرعی آلات تقسیم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی آلات کے ایک سیٹ کی کل قیمت 4 لاکھ 92 ہزار روپے ہے جس میں پچاس فیصد 2 لاکھ 46 ہزار حکومت پنجاب فراہم کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کی تکمیل کے سلسلے میں سکروٹنی،تحصیل الاٹمنٹ،انسپکشن اور ڈسٹرکٹ سپروائزری کمیٹیز قائم کی گئی تھیں جن کی نگرانی میں تمام عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ زرعی مشینری کی تیاری میں سپریم انڈسٹریز اور امجد ایگریکلچر برادرز نے حصہ لیا۔تقریب کے اختتام پر ڈی سی اور ایم این اے نے زرعی آلات کا بھی معائنہ کیا

متعلقہ عنوان :