ڈاکٹر اشرف آصف جلالی عراق کے سات روزہ دورے اوربغداد شریف ،کربلامعلی اور نجف اشرف کی حاضری کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

اتوار 15 جنوری 2017 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2017ء) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی عراق کے سات روزہ دورے اوربغداد شریف ،کربلامعلی اور نجف اشرف کی حاضری کے بعد وطن واپس پہنچ گئے لاہور ائیر پورٹ پہنچنے پر تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے کارکنان کی بھاری تعداد نے ان کا استقبال کیا ۔

اس دورے کے دوران انہوںنے متعدد دینی اجتماعات سے خطاب کیا۔انہوں نے سید عبد الرحمن گیلانی ،سید علی الحربی ،شیخ محمد ہرزنجی، شیخ رشید اربیلی ،شیخ محمد اسماعیلی کرکوکی،مفتی مجیب علی رضوی سمیت کثیر علماء مشائخ سے اسلام کے انٹر نیشنل ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے یکم مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہونے والی انٹر نیشنل لبیک یا رسول اللہﷺ کی دعوت عراق اور دوسرے ممالک کے متعدد علماء و مشائخ کو پیش کی ۔

(جاری ہے)

لاہور ائیر پورٹ پر استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ سرزمین عراق آج بھی حسینی مشن کا پیغام دے رہی ہے ۔ہم حسینی مشن پر قائم رہیں گے انہوں نے آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے نام پر امریکا اور برطانیہ کی طرف سے گستاخ بلا گرز کی حمایت پر گہری تشویش کا اظہار کیا انہوں نے کہا اسلام اور قرآن سے ٹکرانے والی آزادی اظہار کی پاکستان میں ہرگز کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

یکم مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہونے والی لبیک یا رسول اللہﷺ کانفرنس غلبہ اسلام کی نوید ثابت ہو گی۔کانفرنس میں پوری دنیا سے آئے ہوئے وفود لاکھوں عاشقان رسول ﷺ کے ساتھ مل کر غلبہ اسلام اور تحفظ ناموس رسالت کا حلف اٹھائیں گے ۔انہوں نے کہا عالمی سطح پر لبیک یا رسول اللہﷺ کانفرنس کے سلسلہ میں بڑ اجوش خروش پایا جا رہا ہے انہوں نے کہا غازی ممتازحسین قادری شہید کے سالانہ عرس کے موقع پر یہ کانفرنس اس بات کا اظہار ہے ناموس رسالت کی خاطر جان دینے والے مٹنے نہیں بلکہ امت کی محبتوں کے محور بن جاتے ہیں ائیر پورٹ پر تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ اور تحریک صراط مستقیم کے قائدین مولانا محمد صدیق مصحفی،مولانا محمد فیاض قادری،مولانا محمد فرمان علی جلالی،مولانا محمد عبدالکریم جلالی،مولانا محمد مرتضی علی ہاشمی ،مولانا خالد محمود جلالی ،مولانا محمد رضاء المصطفیٰ،ڈاکٹر محمد آصف جلالی،میاں محمد شفیع جلالی،و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :