پیپلزپارٹی کا اگلے ماہ فروری میں جنوبی پنجاب میں بڑے عوامی جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ

پہلا جلسہ فروری کے وسط میں ملتان میں ہوگا،بہاولپوراورڈیرہ میں بھی عوامی طاقت کے مظاہرے ہوں گے،شیڈول کا اعلان بلاول 17جنوری کو کریں گے،چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنمائوں کو جنوبی پنجاب کے ناراض رہنمائوں کو دوبارہ پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطوں کی ہدایت کردی

اتوار 15 جنوری 2017 18:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) پیپلزپارٹی نے اگلے ماہ فروری میں جنوبی پنجاب میں بڑے عوامی جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا۔پہلا جلسہ ملتان میں فروری کے وسط میں ہوگاجس سے بلاول بھٹوزرداری خطاب کریں گے۔بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب نے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو جلسوں اور ریلیوں کیلئے تجاویز دے دیں ۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب میں جلسوں کا شیڈول کے اعلان چئیرمین بلاول بھٹو زرداری 17جنوری کو لاہورکے اجلاس میں کریں گے ۔پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگرشہروں میں منعقدہ عوامی جلسوں میں اہم سیاسی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت متوقع ہے۔اس حوالے سے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی پنجاب کی تنظیموں کوہدایت دے دی ہے کہ وہ جنوبی پنجاب کے ناراض رہنمائوں کوپارٹی میں دوبارہ لانے کیلئے ان سے رابطے کریں ۔