کھڈی کے لیے مودی مہاتما گاندھی سے بڑانام ہے، بھارتی وزیر

گاندھی کا نام جڑنے سے انڈسٹری ڈوب گئی،وزیرکے بیان پر اپوزیشن کا ہنگامہ،انیل ویج نے ذاتی رائے قراردیدیا

اتوار 15 جنوری 2017 16:30

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) بھارتی وزیرانیل ویج نے کہاہے کہ کھڈی انڈسٹری کے ساتھ مہاتما گاندھی کا نام جڑنے سے انڈسٹری ڈوب گئی،کھڈی کے لیے مودی مہاتما گاندھی سے بڑا برانڈ ہیں تاہم اپوزیشن کی جانب سے تنقید کے بعد انہوں نے اپنے بیان کو ذاتی رائے کہتے ہوئے واپس لے لیا ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹر ویو میں بھارتی ہریانہ کے وزیر انیل ویج نے کہا کہ جب سے کھاڈی کے ساتھ گاندھی کا نام جڑا تب سے کھڈی انڈسٹری اٹھ نہ سکی اور ڈوب گئی اس لیے کھاڈی کیلیے مودی بہتر برانڈ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف اتنا ہی نہیں جب سے گاندھی کی تصویر نوٹ پر شائع ہوئی تب سے بھارتی کرنسی کی قدر کم ہوئی ، اس لیے بہت جلد گاندھی کی تصویر نوٹ سے بھی ہٹا دی جائیگی۔ وزیر کے بیان پر اپوزیشن نے شدید تنقید کی جبکہ بھارتی جنتا پارٹی نے بھی اپنے وزیر کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد انہوں نے اپنے بیان کو ذاتی رائے کہتے ہوئے واپس لے لیا ۔