Live Updates

شریف خاندان کے پاس اب الزامات کو مسترد کرنے ، اپنی دولت کو جائز ثابت کرنے کیلئے کچھ موجود نہیں‘ شاہ محمود قریشی

کیس اب بہت ہی واضح ہے اور کمیشن کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، اگر ایسا ہوا تو پی ٹی آئی مشاورت کریگی‘ انٹر ویو میں گفتگو

اتوار 15 جنوری 2017 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے وکلا ء کے دلائل سے حکومت کا مقدمہ مزید کمزور ہورہا ہے کیونکہ عدالت میں جو کچھ کہا گیا وہ وزیراعظم نواز شریف کی پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر سے کافی مختلف ہے،بی بی سی کی رپورٹ نے ان ثبوتوں کی تصدیق کردی ہے جو ہماری طرف سے عدالت میں پیش کیے گئے ہیں۔

ایک انٹر ویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی عدالت میں اب تک بہت سی اور دستاویزات بھی پیش کرچکی ہے جن سے ثابت ہوتا ہے کہ لندن کے فلیٹس شریف خاندان کی ہی ملکیت ہیں۔تحریک انصاف کا نقطہ نظر پوری قوم کے ساتھ اب عدلیہ نے بھی دیکھ لیا ہے ۔ انہوں نے اس سوال پر کہ کیا آپ اب عدالت میں بی بی سی کی حالیہ رپورٹ کو بھی پیش کریں گے کا جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہمارے پاس صرف ایک رپورٹ نہیں بلکہ بہت کچھ اور بھی ہے لہٰذاس رپورٹ نے ثبوتوں میں اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

حقیقت تو یہ ہے کہ اب شریف خاندان کے پاس الزامات کو مسترد کرنے اور اپنی دولت کو جائز ثابت کرنے کیلئے کچھ موجود نہیں ۔انہوں نے اس سوال کے جواب کہ اگر عدالت کمیشن بنانے کا حکم دے تو کیا آپ اب اس کا حصہ بنیں گے کا جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کیس اب بہت ہی واضح ہے اور کمیشن کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، لیکن اگر ایسا ہوا تو پی ٹی آئی مشاورت کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات