پاک فوج اور ایف سی نے بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور برف باری کے بعد خصوصی کیمپ اور کرائسز مینجمنٹ سنٹر زقائم کر دیئے

اتوار 15 جنوری 2017 15:40

اسلام آباد /راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) پاک فوج اور ایف سی نے بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور برف باری کے بعد مسافروں کی رہنمائی کیلئے خصوصی کیمپ اور کرائسز مینجمنٹ سنٹر زقائم کئے ہیں۔ اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق بلوچستان اور چترال میں شدید برف باری کے باعث اہم شاہراہ بند ہوگئیں جہاں پر فوج اور ایف سی کے اہلکاروں نے شاہراہوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کو بحال کیا ہے۔

(جاری ہے)

چترال میں لواری ٹنل اور سڑکیں جبکہ کوئٹہ تا کراچی ، کوئٹہ تا سکھر اور تفتان تا کوئٹہ جیسی بڑی شاہراہیں ہفتہ کی شام ٹریفک کیلئے کھول دی گئیں۔ ایف سی بلوچستان نے کوئٹہ ، سبی ، زیارت ، پشین ، لورا لائی، قلات اور خضدار میں کرائسز مینجمنٹ کے مراکز جبکہ فوج کی جانب سے مسافروں کی رہنمائی اور مدد کیلئے پناہ کوٹ اور مالاکنڈ ڈویژن میں خصوصی مراکز قائم کئے ہیں تاکہ مقامی انتظامیہ کے اشتراک سے عوام کو رہنمائی فراہم کی جاسکے۔ ادھر کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بلا جواز سفر سے گریز کریں کیونکہ بعض موسمی مسائل کے باعث انہیں مشکلات درپیش ہو سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :