عالمی برادری نہتے کشمیر یوں کیخلاف مہلک ہتھیاروں کا استعمال بند کرائے، ظفر اکبر

بھارت ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ترک کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آگے آئے، مختار وازہ

اتوار 15 جنوری 2017 15:30

سرینگر۔ 15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کا ایک وفد پارٹی چیئرمین ظفر اکبر بٹ کی قیادت میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کے ہلخانہ اور پیلٹ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ضلع بڈگام کے مختلف علاقوں میں گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ظفر اکبر بٹ کے ہمراہ گوہر خالد، اعجاز احمد، بشیر احمد، محمد سکندر اور مشتاق احمدتھے۔

وفد نے خاگ، بیروہ اور ٹنگمرگ وغیرہ میں پیلٹ سے متاثرہ نوجوانوں دانش علی گنائی، وسیم احمد بیگ، جاوید احمد گنائی سے ملاقات میں انکے ساتھ بھر اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے احتجاجی تحریک کے دوران سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو بصارت سے محروم کیا جو دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعویدار بھارت کے چہرے پر ایک بدنما دھبہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ پرامن کشمیری مظاہرین کیخلاف پیلٹ بندوق اور دیگر مہلک ہتھیاروں کا استعمال رکوانے کیلئے کردار ادا کریں۔ دریں اثنا سالویشن موومنٹ نے پیلٹ متاثرین کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے 23جنوری کو ایک تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثنا جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئر مین مختار احمد وازہ نے اپنی پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب میں ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے کارکنوں کی طرف سے جموں خطے کے علاقے کٹھوعہ میں ہریا چک کے مقام پر مسلمانوں کو مار پیٹ کا نشانہ بنانے اور ان کے مکانات نذر آتش کر نے کی شدید مذمت کی۔

انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں تحریک آزادی کو نقصان پہنچانے کے لیے یہاں فرقہ راویت کی آگ بہڑکانا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔ مختار احمد وازہ نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میںپائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا لہذابھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ترک کر کے اس مسئلے کے حل کیلئے آگے آئے۔ اجلاس میں انجینئر فیاض احمد، فیاض احمد بٹ،شبیر احمداور نذیر احمد بھی موجود تھے۔