سعودی شائقین کا چھوٹے طیاروں کے ذریعے دلفریب فضائی کرتبوں کا مظاہرہ

شہریوں نے ہوابازی کے رنگا رنگ فضائی مناظر اور اڑان کے مظاہرے کرنیوالے ہوابازوں کو تالیوں اور نعروں سے داد تحسین پیش کی

اتوار 15 جنوری 2017 12:20

الاحسائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) سعودی عرب میں تیسرے جنرل ایوی ایشن فورم کے موقع پر دارالحکومت ریاض کی فضا میں ہوا بازی کے شائقین نے چھوٹے طیاروں کے ذریعے دلفریب فضائی کرتبوں کا مظاہرہ کیا اوراپنی فنی مہارت کے جوہر دکھاتے ہوئے فضاء کو دلفریب فن پاروں میں تبدیل کردیا۔عرب ٹی وی کے مطابق الثمامہ تفریح گاہ اور اس کے اطراف میں موجود شہریوں نے ہوابازی کے رنگا رنگ فضائی مناظر اور اڑان کے مظاہرے کرنے والے ہوابازوں کو تالیوں اور نعروں سے داد تحسین پیش کی۔

ریاض میں ہونے والی تیسری سالانہ جنرل ایوی ایشن تقریب میں وزیر برائے ٹرانسپورٹ سلیمان الحمدان، جنرل ایوی ایشن کمیٹی کے ارکان جب کہ سعودی عرب کے جائر اور کوپٹر فضائی کلبوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر کلب عبداللہ الجعوینی نے بتایا کہ اس طرح کے مواقع ہوا بازی کے شائقین، طیاروں کے مالکان اور کمرشل سیکٹر کے لیے اپنے فن کے جوہر دکھانے اور ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کا بہترین موقع ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل ایوی ایشن ہرسال مملکت کے اندر اور دوسرے خلیجی ملکوں کے ہوابازوں کو اپنی فضائی مہارتوں کے اظہاراور تجربات کا تبادلہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس بار بھی نمائش میں خصوصی جیٹ طیاروں، ہیلی کاپٹروں، ایک انجن والے چھوٹے جہازوں اور بیرون ملک سے لائے گئے اسپورٹس طیاروں کیذریعے مختلف اور منفرد کرتب دکھائے گئے۔تین گھنٹے جاری رہنے والے رنگا رنگ ہوا بازی کے مناظر کی عکاسی علی العریفی اور اسامہ عیاش نے کی۔

متعلقہ عنوان :