فیصل آباد کے تاجر اور صنعتکار ملک کیلئے قیمتی زر مبادلہ کمانے کے سلسلہ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، ملکی خسارے پر قابو پانے کیلئے غیر قانونی ذرائع سے زرمبادلہ باہر بھیجنے کا سلسلہ بھی رکنا چاہیے،صوبائی وزیر صنعت وتجارت اور سرمایہ کاری

ہفتہ 14 جنوری 2017 22:41

فیصل آباد ۔14 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) فیصل آباد کے تاجر اور صنعتکار ملک کیلئے قیمتی زر مبادلہ کمانے کے سلسلہ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ملکی خسارے پر قابو پانے کیلئے غیر قانونی ذرائع سے زرمبادلہ باہر بھیجنے کا سلسلہ بھی رکنا چاہیے۔ یہ بات صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے صوبائی وزیر شیخ علاؤالدین نے ہفتہ کے روز یہاں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بڑھے ہوئے خسارے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ صرف معیشت کیلئے ہی نہیں بلکہ ملکی آزادی کیلئے بھی خطر ناک ہے۔ انہوں نے ملک کیلئے قیمتی زر مبادلہ کمانے کے سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کے تاجروں اور صنعتکارو ں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ دراصل ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو بھی ہدایت دے جو زر مبادلہ ملک میں لانے کی بجائے باہر بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے ملکی تعمیر و ترقی کیلئے صنعت و تجارت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت ان کے جائز مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے تا کہ نہ صرف ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جا سکے بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقعے بھی پیدا کئے جا سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے تاہم اس سلسلہ میں متعلقہ صنعتکار اپنے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے قابل عمل حل بھی تجویز کریں تا کہ ان پرفوری کارروائی کی جا سکے۔

فیصل آباد کے صنعتی کلسٹرز کو باضابطہ صنعتی علاقے قرار دینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آپ اس سلسلہ میں تحریری طور پر آگاہ کریں تا کہ اس سلسلہ میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان صنعتی کلسٹرزکو باقاعدہ صنعتی علاقے قراردے کر یہاں ترقیاتی کام بھی کرائے جائیںگے۔ ماحولیات اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے حوالے سے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے شیخ علاؤالدین نے کہا کہ آپ اس حوالے سے بھی تحریری طور پر مطالبات پیش کریں تا کہ ان پر با معنی اور نتیجہ خیز فیصلے کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے سلسلہ میں آپ لوگ کسی وقت ان سے مل بھی سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے بند ٹیکسٹائل یونٹوں کی بحالی کے سلسلہ میں بھی اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا اور کہا کہ وہ ان کے مسائل کو فوری طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس میں بھی لائیں گے اور اس سلسلہ میں گورنر سٹیٹ بینک سے بھی رابطہ کیا جائیگا۔ اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا کہ یہ ملک کے تیسرے بڑے زرعی صنعتی اور کاروباری شہر کی بزنس کمیونٹی کا منتخب اور نمائندہ پلیٹ فارم ہے جس کے ممبران کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ اعدادوشمار کی روشنی میں سرکاری محاصل کی ادائیگی میں کراچی پہلے نمبر پر ہے لیکن اگر کراچی میں ہیڈکوارٹر رکھنے والے فیصل آباد کے صنعتی اور تجارتی اداروں کی طرف سے ادا کردہ ٹیکسوں کو فیصل آباد کے کھاتے میں شمار کیا جائے تو پھر فیصل آباد ہی محاصل کی ادائیگی میںپہلے نمبر پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کو ملکی سطح پر روزگارکی فراہمی میں بھی 38 فیصد حصہ ڈالنے کا اعزاز حاصل ہے۔

انہوں نے امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری اور بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی پر حکومت اور پاکستان کی مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ اگر صنعتوں کو درپیش مسائل حل کردیئے جائیں تو وزیر اعظم کی خواہش کے مطابق جی ڈی پی کو بہت جلد 5.5 فیصد تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد کے 5انڈسٹریل کلسٹرز کو با ضابطہ صنعتی علاقے قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ بند صنعتوں کی بحالی پر بھی فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے ماحولیات اور پی آر اے سے متعلقہ بھی بعض مسائل کی نشاندہی کی۔ سوال و جواب کی نشست میں سابق صدر چوہدری محمد نواز ، سید ضیاء علمدار حسین، ثناء اللہ خاں نیازی، حاجی طالب حسین رانا، شاہد باجوہ اور دیگر ممبران نے حصہ لیا جبکہ سینئر نائب صدر رانا سکندر اعظم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صدرچیمبر انجینئر محمد سعید شیخ نے صوبائی وزیر شیخ علاؤالدین کو جبکہ نائب صدر انجینئر احمد حسن نے صوبائی سیکرٹری مجتبیٰ پراچہ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خصوصی شیلد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :