کھوکھر میرا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق

ہفتہ 14 جنوری 2017 20:04

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) حویلیاں کے علاقہ کھوکھر میرا میں نامعلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ کے نتیجہ میں میاں بیوی جاں بحق جبکہ بیٹی شدید زخمی ہو گئی ہے۔ ایس ایچ اوتھانہ حویلیاں پرویز خان نے اس حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ کھوکھر میرا میں محمد رمضان نامی شخص اپنے گھر میں فجر کی نماز کی تیاری میں مصروف تھا کہ اس دوران دو نامعلوم مسلح افراد گھر میں گھس گئے اور اندھا دھند فائرنگ کر کے محمد رمضان کو قتل کر دیا۔

فائرنگ کی آواز سن کر محمد رمضان کی اہلیہ یاسمین بی بی اپنی بیٹی کے ہمراہ گھر کے صحن میں آئی تو ملزمان کی فائرنگ سے یاسمین بی بی بھی جاں بحق جبکہ اس کی بیٹی شدید زخمی ہو گئی، ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

وقوعہ کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ حویلیاں پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ آئے اور جاں بحق و زخمی افراد کو آر ایچ سی حویلیاں منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالہ کر دی گئی ہیں۔

زخمی شانزہ زوجہ وقاص کو تشویشناک حالت میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقتولین کے ورثاء نے پولیس کو بتایا کہ ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ مقتولین کے ورثاء کی رپورٹ پر تھانہ حویلیاں میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔