کے الیکٹرک کی ٹیموں نے مسلسل بارش کے باوجود متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا

ہفتہ 14 جنوری 2017 19:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2017ء) ہفتہ کے روز جاری رہنے والی بارش کے سلسلے کے دوران کے الیکٹرک کی ٹیمیں شہر بھر میں بجلی کی بحالی میں بھرپور طریقے سے مصروف عمل رہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے تشکیل دی جانے والی خصوصی ریپڈ رسپانس ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام سرانجام دیا۔بارش کے باعث متاثرہ فیڈرز میں سے بیشتر کو محدود وقت میں بحال کردیا گیا تاہم ایئر پورٹ اور واٹربورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت تمام اہم تنصیبات اور مقامات پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

کے الیکٹرک کا فیلڈ اسٹاف اس دوران فعال رہا اور علاقائی فالٹس کی درستگی سمیت صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو جلد از جلد حل کیا گیا۔

(جاری ہے)

کورنگی، ملیر، گارڈن سمیت ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد اور گلشن اقبال کے کچھ حصوں میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ترجمان کے الیکٹرک نے اس حوالے سے کہا کہ بارش کے ناتھمنے والے سلسلے کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ادارے کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم آپریشنز سمیت سسٹم کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت ان چیلنجوں کو مہارت کے ساتھ حل کیا جارہا ہے۔

کے الیکٹرک کی فیلڈ ٹیمیں اور کسٹمر کال سینٹر کا عملہ شہر میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے چوبیس گھنٹے موجود ہے۔ادارے کی جانب سے شہریوں سے گزارش ہے کہ ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمرز سے دور رہیں۔ صارفین ٹوٹے ہوئے تاروں اور بجلی سے متعلق دیگر شکایات کے لئے 118کال سینٹر یا 021-99000پر رابطہ کریں۔ یہ شکایات 8119یا کے الیکٹرک کے فیس بک یا پھر ٹوئٹر پیج پر بھی درج کرائی جاسکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :