عام انتخابات میں قبائیلی علاقہ جات کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی ملنی چاہیے،آفتاب شیرپائو

ہفتہ 14 جنوری 2017 18:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے رواں سال فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور سپریم و ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک وسیع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 2018کے عام انتخابات میں قبائیلی علاقہ جات کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی ملنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتمانزئی ضلع چارسدہ میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

آفتاب شیرپائو نے کہا کہ قبائیلی عوام کے استحصال کو ختم کرنے کا وقت آچکا ہے تاکہ وہ بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکے۔انھوں نے کہا کہ قبائیلی عوام نے ملک کیلئے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں جس کے باوجود ان کی ترقی و خوشحالی کو مسلسل نظر انداز کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجتماع سے خطاب میں آفتاب شیرپائو نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا ملک میں گیس اور تیل کی پیداوار کے حوالے سے سب سے بڑا صوبہ ہے ۔

انھوں نے 18ویں ترمیم کے مطابق صوبائی وسائل پر خودمختاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبے کے عوام میں پائی جانے والی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے گا اور اس طرح وفاق کو مزید تقویت ملے گی ۔آفتاب شیرپائو نے افغانستان کو غیر مستحکم بنانے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ قومی وطن پارٹی افغانستان کو ایک خود مختار اور متحد ملک دیکھنا چاہتی ہے جو ملک اور پورے خطے میں امن کے قیام کیلئے ناگزیر ہے۔

انھوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ خطہ امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔آفتاب شیرپائو نے سی پیک کے حوالے واضح کیا کہ صوبہ کے سیاسی جماعتوں کو منصوبہ کے حوالے اعتماد میں لیا جائے اورراہداری منصوبہ میں خیبر پختونخوا کے حصے کی وضاحت کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ صوبہ میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گارماحول انتہائی ضروری ہے اور صوبہ میں ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن اس سلسلے میں ناگزیر ہے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ اورسستی بجلی پیدا کر رہا ہے تاہم صوبہ میں ٹرانسمیشن لائن کی خستہ حالی کی وجہ سے صوبہ میں لوڈشیڈنگ روز بروز بڑھتی جا رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم پر جدوجہدکرے گی اور 2018کے عام انتخابات میں پختونوں کی حقیقی نمائندہ جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیرسکندر حیات خان شیرپاؤ،معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی،سلطان محمد خان ایم پی اے ،خالد خان ایم پی اے ، الحاج ہاشم خان،فقیر حسین لالا،حاجی فرمان اورقومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :