تحریک انصاف نے نیپرا کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کرنے کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

ہفتہ 14 جنوری 2017 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے نیپرا کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے جہانگیر ترین، شفقت محمود، عارف علوی، شیریں مزاری کی طرف سے دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ وزیر اعظم نے غیرآئینی طور پر نیپرا کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کیا، آئین کے آرٹیکل 154کے تحت بجلی اور ریگولیٹرز پر پالیسیاں بنانا مشترکہ مفادات کونسل کا کام ہے، نیپرا کو وزارت کے ماتحت کرنیکی مشترکہ مفادات کونسل نے منظوری نہیں دی۔

مشترکہ مفادات کونسل کے پہلے ایجنڈے میں نیپرا کو وزارت کے ماتحت کرنے کی مخالفت کی گئی تھی- درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیپرا کو وزارت کے ماتحت کرنے سے قبل عوام کی رائے بھی لی گئی اور نہ ہی وفاقی کابینہ نے نیپرا کو وزارت کے ماتحت کرنے کی منظوری دی- درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نیپرا کو وزارت کے ماتحت کرنے کا اقدام غیرآئینی قرار دی- درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ نیپرا ایکٹ کی دفعہ 7کی ضمنی دفعہ 6 اور وفاقی حکومت کے رولز آف بزنس کی دفعہ 3 کی ضمنی دفعہ 3 کو غیرآئینی قرار دیا جائے۔