پنجاب یونیورسٹی میں آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرائیں گے‘ ڈاکٹر ظفر معین ناصر

ہفتہ 14 جنوری 2017 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں پہلی مرتبہ آن لائن لرننگ مینجمنٹ متعارف کرایا جائے گا۔ اس سلسلے میں انہوں نے ڈائریکٹر آئی ٹی عمران قریشی اور دیگر آئی ٹی ماہرین کے ساتھ کمیٹی روم میں اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین نے کہا کہ پرانے تدریسی نظام کو نئے ڈیجیٹل نظام سے تبدیل کیا جائے گاتاکہ تدریسی عمل کے ذیادہ سے ذیادہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ موڈل ٹیکنالوجی پر منسلک لرننگ مینجمنٹ سسٹم دنیا بھر میں استعمال کیا جا رہا ہے جس کی مدد سے اساتذہ اور طلباء اپنے تعلیمی پروگرام کے دوران ایک دوسرے سے آن لائن رابطہ رکھ سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سسٹم کی بدولت کلاسز کا شیڈول، حاضری اور دیگر اسائنمنٹس دی جا سکیں گی اور امتحانات ترتیب دئے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کی وجہ سے کورس لرننگ آو،ْٹ کمز اور شفاف طریقے سے کارکردگی جانچی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی معلوم ہو سکے گا کہ کورس کس حد تک پڑھایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء وطالبات کے لئے پورٹلز بھی تیار کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم موجودہ انتظامیہ کوالٹی ایجوکیشن کے وژن کے تحت متعارف کرا رہی ہے اور پالیسی گائیڈلائنز میں شامل ہے۔