آزاد کشمیر میں لوڈ شیڈنگ کا طویل ترین سلسلہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے‘ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ‘ ہزاروں روپے کاروزانہ نقصان محکمہ برقیات واپڈا خاموش تماشائی سفید ہاتھی کاکرداراداکررہے ہیں

کشمیر تحریک عدل کے بانی صدر ظہیر احمد مغل کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 14 جنوری 2017 13:38

عمان مسقط (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جنوری2017ء) کشمیر تحریک عدل کے بانی صدر ظہیر احمد مغل نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں لوڈ شیڈنگ کا غیر اعلانیہ طویل ترین سلسلہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہزاروں روپے کاروزانہ نقصان محکمہ برقیات واپڈا خاموش تماشائی سفید ہاتھی کاکرداراداکررہے ہیں عوام شدیدمشکلات کاشکارہیں۔

حکومت وقت بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائے ۔ شدید سردی میں لوڈ شیڈنگ سے معاملات زندگی مفلو ج ہو کر رہ گئے ہیں۔ فوری ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ ہو اتو انتہائی اقدام سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا ۔ بجلی بحران پر قابو پانے میں موجودہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے۔لوڈ شیڈنگ نے آزاد کشمیر کی عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کی عوام کو 400میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ بجلی کی پیدوار 1300سے زائدمیگا واٹ ہے پھر بھی اندھیرے ہمارا مقدر کیوں ہیں۔

لوڈ شیڈنگ کا اختیار آزاد حکومت کو دیا جائے۔ہمارے وسائل سے ہمیں بھی مستفید کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیلم،جہلم اور کوھالہ ہائیڈرل پاور پروجیکٹس سے آزاد کشمیر کی عوام کو بھی بجلی دی جائے۔آزاد کشمیر میں سی پیک کے تحت جو بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں ان میں لوکل لوگوں کو ملازمتوں میں ترجیح دی جانی چاہیے۔

اُنھوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات این او سی اس شرط پر جاری کرتا ہے کہ مقامی لوگوں کو ملازمتیں مہیا کی جانی چاہیے،لیکن کمپنیاں ملازمین بیرون ممالک یا دوسرے علاقوں سے بھرتی کر کے آزاد کشمیر کے باشندوں کی حق تلفی کرتے ہیں اس کے لیے اسمبلی کے فورم پر آواز بلند کی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ برقیات لائن لاسز کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔