پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت نہیں یہ ایک تحریک اور یونیورسٹی ہے، جس کے پہلے چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے‘ پاکستان کی خوشحالی کا خواب عنقریب شرمندہ تعبیر ہو گا

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اٹلی کے سینئر رہنما چوہدری رمضان کاآصف زرداری اوربلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار

ہفتہ 14 جنوری 2017 13:38

اٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اٹلی کے سینئر رہنما چوہدری رمضان نے آصف زرداری اوربلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ یہ ایک تحریک اور یونیورسٹی ہے، جس کے پہلے چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے۔ پاکستان کی خوشحالی کا خواب عنقریب شرمندہ تعبیر ہو گا۔

ہمیں تخت و تاج سے کوئی غرض نہیں ہم نے جمہوریت کے سنہری اصول سکھانے کا علم تھام رکھا ہے۔ اُنھوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کا وژن جدید، ترقی پسنداورخوشحال پاکستان تھا۔وہ پاکستانیوں کے لیے خوشحالی کاخواب دیکھتی تھیں اوراس خواب کوشرمندہ تعبیرکرنے کے لے انہوں نے اپنی جان تک قربان کردی۔

(جاری ہے)

کسی کو پیپلزپارٹی کیخلاف سازشیں کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،یہ سازشی ہرقیمت پرشکست سے دوچار ہوں گے کیوں کہ پیپلز پارٹی کی تحریک میں شہیدوں کا خون شامل ہے۔اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار اٹلی میں مقیم پاکستان و کشمیر کمیونٹی کے اجلاس میں کیا ۔چوہدری رمضان نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نہ صرف پاکستان کے بلکہ پوری مسلم امہ کے رہنما تھے اور انہوں نے مسلم امہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کا تاریخی کارنامہ بھی انجام دیا۔

پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ یہ ایک تحریک اور یونیورسٹی ہے کہ جس کے پہلے چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے۔ پھر شہید رانی بینظیر بھٹو اور اب بلاول بھٹو زرداری ہیں،ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید بابا زوالفقار علی بھٹو کی تحریک کو لیکر آگے چلیںگے تاکہ جمہوریت پھیل سکے۔اُنھوں نے مزید کہا کہ بھٹو کے جیالے جبروتشدد، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد میںبھر پور حصہ لے رہے ہیںتاکہ غربت میں جکڑے ہوئے عوام کو اس سے چھٹکارا دلایا جاسکے۔

ہم بحیثیت کشمیری شہید بھٹو کی جرات اور ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اقوام متحدہ میں کشمیر کی پرزور آواز اٹھائی اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہزاروں سال لڑنے کا عزم کیا۔اُنھوں نے کہا مسئلہ کشمیر بہت جلد حل ہو گا اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آصف زرادری اور بلاول بھٹو انتھک کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں۔انشااللہ عنقریب مسئلہ کشمیر کا مثبت و جاندار حل نکلے گا۔