پاکستان کا شمار دنیا کے 40 بڑے ممالک میں ہوتا ہے جہاں پر دنیا کے تین بڑے کارساز ادارے کاریں اور ہلکی کمرشل گاڑیاں تیار کر رہے ہیں اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے 70 فیصد پرزہ جات پاکستان ہی میں تیار کئے جا رہے ہیں، مشہود علی خان

ہفتہ 14 جنوری 2017 11:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینو فیکچررز (پاپام) کے چئیرمین مشہود علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے 40 بڑے ممالک میں ہوتا ہے جہاں پر دنیا کے تین بڑے کارساز ادارے کاریں اور ہلکی کمرشل گاڑیاں تیار کر رہے ہیں اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے 70 فیصد پرزہ جات پاکستان ہی میں تیار کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاپام کے اراکین کی تعداد 400 سے بڑھ چکی ہے جو آٹو موبائیلز کے شعبہ کیلئے پرزہ جات تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری سے 30 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا جا رہا ہے جن میں کاریں، موٹرسائیکلز، ٹرکس، بسیں اور ٹریکٹر وغیرہ تیار کرنے والے کارخانوں میں کام کرنے والی افرادی قوت شامل ہے۔

(جاری ہے)

مشہود علی خان نے کہا کہ آٹو موبائیلز کے شعبہ میں کام کرنے والی افرادی قوت سے تقریبا 90 فیصد افرادی قوت کا روزگار پرزہ جات کی تیاری کے شعبہ سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سر پرستی سے آٹو موبائیلز کا شعبہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے اور اس کی کارکردگی میں اضافہ سے نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ قومی برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت کی ترقی میں بھی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :