پاکستان میں لوگ ٹیکس کم اور خیرات زیادہ دیتے ہیں،عمران خان

لاپتہ افراد سے متعلق سب سے پہلے آواز اٹھائی ، جاوید ہاشمی سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا ،وہ میری توقعات کے برعکس نکلے ، میرا سارا پیسہ پاکستان کے بینکوں میں پڑا ہے ، کرپشن اقتدار میں آکر ہوتی ہے اگر جہانگیر ترین نے کوئی غلط کام کیا ہے تو حکومت اسے گرفتار کیوں نہیں کرتی ، مصباح الحق نے مشکل ترین حالات میں کرکٹ کو سنبھالا ، ان کی پاکستان کرکٹ کیلئے بڑی خدمات ہیں ،ان کو عزت اور وقار کے ساتھ کرکٹ کو الوداع کہنا چاہیے،پی ٹی آئی چیئر مین کا انٹرویو

جمعہ 13 جنوری 2017 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد سے متعلق سب سے پہلے آواز اٹھائی ، جاوید ہاشمی سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا ،وہ میری توقعات کے برعکس نکلے ، میرا سارا پیسہ پاکستان کے بینکوں میں پڑا ہے ، کرپشن اقتدار میں آکر ہوتی ہے اگر جہانگیر ترین نے کوئی غلط کام کیا ہے تو حکومت اسے گرفتار کیوں نہیں کرتی ، مصباح الحق نے مشکل ترین حالات میں کرکٹ کو سنبھالا ، ان کی پاکستان کرکٹ کیلئے بڑی خدمات ہیں ،ان کو عزت اور وقار کے ساتھ کرکٹ کو الوداع کہنا چاہیے ۔

وہ جمعہ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے ،(ن) لیگ والے عدالت سے ڈرے ہوئے ہیں ،پاکستان دنیا کے ان پہلے پانچ ممالک میں سے ہے جو سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں مگر یہاں لوگ ٹیکس بہت کم دیتے ہیں کیونکہ حکمران عوام کا پیسہ عیاشیوں میں خرچ کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جہانگیر ترین غلط کام کررہا ہے تو حکومت اسے گرفتار کیوں نہیں کرتی ،انصاف سب کے لئے برابر ہونا چاہیے ،میں نے لندن فلیٹ1983میں خریدا تھا ،میری انکم پاکستان سے باہر نہیں ہے ،میں نے کرکٹ کھیل کر باہر پیسہ کمایا اور ملک میں لیکر آیا ، اس میں کوئی کرپشن شامل نہیں ہے کیونکہ کرپشن اقتدار میں آکر ہوتی ہے ،میرا سارا پیسہ پاکستان کے بینکوں میں پڑا ہے اور 2012میں ویب سائٹ پر اپنے تمام اثاثوں کی تفصیلات ڈال دی تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین نے بھی اپنے تمام اثاثے ویب سائٹ پر ڈالے ، پانامہ کیس پاکستان سمیت پوری دنیا میں آیا ،میں انسان میں اچھائی دیکھتا ہوں اس کی کمزوریاں تلاش نہیں کرتا ، جاوید ہاشمی سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا وہ میری توقعات کے برعکس نکلے۔عمران خان نے کہا کہ لاپتہ افراد سے متعلق میں نے سب سے پہلے آواز اٹھائی ، کے پی کے میں پولیس کا نظام پورے پاکستان سے بہتر ہے ،2013سے ابتک وہاں بہت بڑی تبدیلیاں آچکی ہیں ۔

کرکٹ سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ مصباح الحق نے مشکل ترین حالات میں کرکٹ کو سنبھالا ، ان کی پاکستان کرکٹ کیلئے بڑی خدمات ہیں ،ان کو عزت اور وقار کے ساتھ کرکٹ کو الوداع کہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کو بھی ایک ادارہ بنانا چاہیے تاکہ ہمیں بہترین کھلاڑی مل سکیں ، آسٹریلیا کا کرکٹ کا ادارہ بہت مضبوط ہے اس لئے وہ اس کھیل میں سب سے آگے ہے ۔