پرویز مشرف کا ٹرائل کرنے کی بجائے انہیں ریڈ کارپٹ پر الوداع کیاگیا ‘شاہ زین بگٹی

ایک پائی کی بھی کرپشن کرنے والے بیور کریٹ یاسیاستدان کو تمام عمر کیلئے سیاست میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں ہونا چاہیے کرپشن سے لوٹی گئی رقم جس سے بھی برآمد ہو وہ تمام رقوم اور اثاثہ جات کو ریاست کی ملکیت ڈکلیئر کیا جائے‘میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 جنوری 2017 23:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے کہاکہ پرویز مشرف کا ٹرائل کرنے کی بجائے انہیں ریڈ کارپٹ پر روانہ کیاگیا ، احتساب سبھی کا ہوناچا ہیے ، ایک پائی کی بھی کرپشن کرنے والے بیور کریٹ یاسیاستدان کو تمام عمر کیلئے سیاست میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں ہونا چاہیے ۔ ان خیالا ت کا اظہارانہوںنے پنجاب سمال انڈسٹریز ہائوسنگ سکیم میں جمہوری وطن پارٹی کے پنجاب سیکرٹریٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہاکہ میرے والد کا ناجائز قتل کیاگیا جبکہ ایک مسلمان کا قتل کبھی بھی معاف نہیں ہوتا اس لئے پرویز مشرف کو اس کی سزا ہر صورت ملنی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو چاہیے تھا کہ پرویز مشرف کا ٹرائل کرتی لیکن انہیں ریڈ کارپٹ پر الوداع کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ تو صرف ایک پانامہ ہے ایسی کئی پانامہ ہیں جو کہ منظر پر نہیں آئیں ۔ انہوںنے کہاکہ احتساب سبھی کا ہونا چاہیے اور اگر کوئی بیور کریٹ یاسیاستدان اگر ایک پائی کی بھی کرپشن کرے تو اس کو تمام عمر کیلئے سیاست میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں ہونا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ کرپشن سے لوٹی گئی رقم جس سے بھی برآمد ہو وہ تمام رقوم اور اثاثہ جات کو ریاست کی ملکیت ڈکلیئر کیا جائے ۔ اس کا بل اسمبلی سے منظور کروائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں پاکستانی ہونے کا لائسنس نہیں چاہیے ہم تو پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں ۔ انہوںنے کہااگر بھارت کے ساتھ جنگ ہوئی تو اپنے پچا س ہزار نوجوان لے کر فوج سے پہلے سرحد پر کھڑا ہونگا ۔

متعلقہ عنوان :