کراچی ،سال نو اور موسم سرما کی پہلی بارش سے شہر میں موسم خوشگوار ہونے کیساتھ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا

بارش کے آغاز کیساتھ ہی کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر نے سے شہر کے مختلف علاقے بجلی سے محروم ہوگئے

جمعہ 13 جنوری 2017 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) کراچی میں سال نو اور موسم سرما کی پہلی بارش سے شہر میں موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر نے سے شہر کے مختلف علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج (ہفتہ) بھی بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہیگا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح شہر قائد میں نئے سال اور موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس نے موسم کو مزید خوشگوار بنادیا ، ہلکی اور تیز بار ش کا سلسلہ صبح سے رات تک وقفے وقفے تک جاری رہا ۔ شہر کے جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، ملیر، گلستان جوہر، گلشن اقبال،بفر زون، سولجر بازار، صدر، لائنز ایریا، کلفٹن، ڈیفنس ، محمود آباد، منظور کالونی، شیر شاہ ، نارتھ کراچی ، بلدیہ ٹاؤن اور شارع فیصل سے ملحقہ علاقے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بارش کے بعد کراچی میں ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔اہلیان کراچی نے سہانے موسم کا بھرپو ر لطف اٹھایا سموسے او ر پکوڑوں کی دکانوں پرعوام کا رش بڑھ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش مسرور بیس پر6ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ یونیورسٹی روڈ پر4.5ملی میٹر، نارتھ ناظم آباد میں4، ایئر پورٹ پر 2.6، اور ناظم آباد میں1.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوا بند ہے جس کے باعث آج ہفتہ کو بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور بارش کے باعث درجہ حرارت میں 1سی2ڈگری سینٹی گریڈ کمی بھی آسکتی ہے ۔دوسری جانب کراچی میں بار ش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد220فیڈر ٹرپ کر گئے جنھیں دوپہر کے بعدبھی بحال نہیں کیا جاسکا۔

کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز بارش کے باعث ٹرپ ہونے والے فیڈرز کو ٹیموں نے جلد بحال کر دیا۔بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی جزوی طورپر متاثرہوئی تاہم متاثرہ فیڈرز کو جلد از جلد بحال کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق متاثر ہونے والے علاقوں میں کلفٹن، شاہ فیصل، ملیر، ٹیپو سلطان ، لانڈھی اور گلشن اقبال کے کچھ علاقے شامل تھے۔کے الیکٹرک کی ریپڈ ریسپانس ٹیم بارش کی پیشگوئی کے بعد الرٹ تھیں اور انہوں نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے فوری طور پر کام شروع کر دیا۔

کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن اور عملہ مقامی فالٹ کی درستگی اور صارفین کو سہولت کی فراہمی میں چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہے ۔ سسٹم اورآپریشنز میں سرمایہ کاری کی بدولت اس طرح کی صورتحال سے نمٹنے اور کارکردگی میں مزید بہتری آئی ہے ۔کے الیکٹرک نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹوٹے ہوئے تاروں ، کھمبوں اور ٹرانسفارمروں سے دور رہیں۔