سیکٹر ای الیون سے ڈی 12 تک تعمیر رابطہ سڑک سے رہائشیوں کو سہولت ہو گی ، یہ نئے سیکٹروں سی 14، 15 اور16کی ڈویلپمنٹ کے بعد وہاں تک رسائی کا بھی بہترین ذریعہ بنے گی

اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی سروس روڈ ایسٹ اور نارتھ کے دو رویہ کرنے کے ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو

جمعہ 13 جنوری 2017 23:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہاہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر E-11 سے سیکٹر D-12 تک تعمیر کی جانے والی رابطہ سڑک سے نہ صرف E-11 اورD-12 کے رہائشیوں کو سہولت ہو گی بلکہ یہ رابطہ سڑک سی ڈی اے کے نئے سیکٹروں سی 14- ،سی 15- ، سی16-کی ڈیویلپمنٹ کے بعد وہاں تک رسائی کا بھی بہترین ذریعہ بنے گی۔

وہ جمعہ کو سیکٹرE-11 سے D-12 تک سروس روڈ ایسٹ اور نارتھ کے دو رویہ کرنے کے ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اس اہم منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکٹر D-12 کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد اس سیکٹر میں لوگوں کی بڑی تعداد آباد ہو رہی ہے جس کے باعث اس سڑک پر روز افزوں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کو کم کرنے کے لیے اس روڈ کی تعمیر نہایت ضروری تھی جسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ مارگلہ روڈ پر مصروف ترین چوک کے باعث اس سڑک پر بھی رش کا امکان ہے لہذا چوک سے پہلے اس سڑک پر جانے اور آنے کے لیے سلپ روڈز تعمیر کئے جائیں تاکہ سیکٹر E.11 اور D-12 جانے والی ٹریفک بلا تعطل جاری رکھی جا سکے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اس سڑک پر الائنمنٹ میں واپڈا کی تنصیب کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے ڈیزائن میں قابل عمل تبدیلی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معمولی تبدیلی میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ تبدیلی سے منصوبے کی لاگت میں نہ تو اضافہ ہو اور نہ ہی منصوبے کی تکمیل کے لیے دی جانے والی مقررہ مدت میں اضافہ ہو بلکہ منظور شہد فنڈز اور دیئے گئے ہدف کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اس دور ویہ سڑک کو سیکٹر D-12 تک رسائی کے لیے ڈیزائن کے سقم کو دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹر D-12 سے منسلک کرنے کے لیے سڑک کی الائنمنٹ کو سیدھا رکھا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ سیکٹر E-11 سے D-12 تک دو رویہ کئے جانے والی سڑک چار کلو میٹرطویل ہے جس پر 262 ملین روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔

انہیں بتایا گیا کہ اس منصوبے پر اپریل2016 ؁ء میں کام کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ اسے جنوری 2017 ؁ء میں مکمل کرنے کا ھدف دیا گیا تھا تاہم ڈیزائن میں مفید تبدیلیوں اور الائنمنٹ میں حائل بعض رکاوٹوں کے باعث تعمیراتی کام میں تیزی آئی ہے جس سے توقع ہے کہ یہ منصوبہ بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ اس سڑکو کو دو رویہ کرنے کے علاوہ بارشی پانی کی نکاسی کے نظام سمیت حفاظتی دیوار کی تعمیر، روڈز لائیٹس، روڈز سائن بورڈز، لین مارکنگ اورلینڈ سکیپنگ وغیرہ بھی اس منصوبے کے تعمیراتی کام میں شامل ہیں۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے تاکید کی کہ اب اس منصوبے میں مزید کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر اس منصوبے کی موئثر نگرانی کریں اور ہفتہ وار پراگریس رپورٹ انہیں دی جائے تاکہ اس منصوبے کو بروقت مکمل کر کے ٹریفک کو درپیش مشکلات کو کم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :