طلباء پر تشدد کرنیوالے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول کے پی ٹی ماسٹر اور ہیڈ ماسٹر معطل

کسی ٹیچر کو بچوں کو مارنے کی اجازت نہیں ، مار نہیں، پیار کی پالیسی پر عمل کرنا ہوگا‘وزیر تعلیم رانا مشہود احمد

جمعہ 13 جنوری 2017 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2017ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے طلباء پر تشدد کرنے والے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول کے پی ٹی ماسٹر طارق محمود اور ہیڈ ماسٹر محمد شہباز کو معطل کردیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول کے پی ٹی ماسٹر کی بچوں کو سزا دینے کی خبر نشر ہونے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول ملتان روڈ کا دورہ کیا اور بچوں سے ملاقات کی، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے انکوائری کے بعد سکول کے پی ٹی ٹیچر طارق محمود اور پرنسپل محمد شہباز کو معطل کردیا ۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کا کہنا تھا کہ حکومت کے ویژن کے مطابق کسی ٹیچر کو بچوں کو مارنے کی اجازت نہیں ،بلکہ مار نہیں، پیار کی پالیسی پر عمل کرنا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے نفاذ سے سرکاری سکولوں کی حالت مزید بہترہوگی، گرینڈ ٹیچر الائنس احتجاج نہ کرے، مل بیٹھ کر معاملات حل کریں۔ دوسری جانب رانا مشہود نے گورنمنٹ ہائی سکول والٹن کا بھی دورہ کیا اور بچوں سے صفائی کرانے بارے انکوائری کی اور سچ بولنے پر بچوں کو سکول بیگ تقسیم کیے ۔ وزیر تعلیم نے بچوں سے صفائی کرانے پر سکول پرنسپل امجد رضا کو بھی معطل کردیا۔