پیمرا کی عمر کوٹ سندھ میں مقامی بااثر غیرقانونی کیبل نیٹ ورک آپریٹر کے خلاف کاروائی

48ریسیورز، 30موڈیولیٹرز، تین ڈش ریسیورز ایک ٹرانسمیٹر، ایک ایل سی ڈی دو الماریاں اور دو سٹیبلائزر اپنے قبضے میں لے لئے گئے

جمعہ 13 جنوری 2017 22:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی حیدرآباد سندھ ٹیم کی جانب سے عمر کوٹ میں ایک بااثر گینگ کے خلاف غیر قانونی کیبل نیٹ ورک چلانے پر کاروائی ۔پیمرا ٹیم نے کاروائی کے دوران 48ریسیورز، 30موڈیولیٹرز، تین ڈش ریسیورز ایک ٹرانسمیٹر، ایک ایل سی ڈی دو الماریاں اور دو سٹیبلائزر اپنے قبضے میں لیے ۔

پیمرا ٹیم کی قیادت ڈپٹی جنرل مینیجر انچارج حیدر آباد نثار احمد پنہوار کر رہے تھے جبکہ اسسٹنٹ جنرل مینیجر سرفراز علی سمیت پیمرا سٹاف کی بڑی تعداد اس آپریشن میں شامل تھی۔ تفصیلات کے مطابق پیمرا سکھر ریجن کو عرصے سے متعلقہ بدنامِ زمانہ گروہ کے خلاف شکایات موصول ہو رہی تھیں جو ’کراچی کیبل ٹی وی نیٹ ورک‘ کے نام سے عمر کوٹ میں غیر قانونی کیبل نیٹ ورک چلا رہا تھا اور لوگوں سے غیر قانونی طور پر فیس اکٹھی کرنے کی مد میں کروڑوں روپے کما رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ماضی میں بھی ایک دو بار ان کے خلاف کوششیں کی گئیں جو کامیاب نہ ہو سکیں تاہم جمعرات کو پیمرا حیدر آباد ٹیم نے ایک بار پھر اس گروہ کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا ۔ اس گروہ کی طاقت اور اثر ورسوخ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے مسلح افراد کا مقابلہ کرنے کے لیے پیمرا کو پولیس کی مدد حاصل کرنا پڑی اور رات دیر گئے جا کر یہ آپریشن مکمل کیا جا سکا۔

اس تمام آپریشن کے دوران پیمرا ٹیم کو عمر کوٹ پولیس کی مکمل مدد اور تعاون حاصل تھا ۔مقامی پولیس کپتان ایس ایس پی عثمان باجوہ نے بذاتِ خود آپریشن کی نگرانی کی اور آپریشن کی تکمیل تک پولیس فورس کی قیادت کی۔ بدنامِ زمانہ گروہ کے خلاف کامیاب آپریشن کی تکمیل پرچیئر مین پیمرا ابصار عالم نے پیمرا سندھ ٹیم کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ سندھ پولیس کے کردار کی بھی تعریف کی۔ ایک فون کال کے ذریعے عمرکوٹ کے ایس ایس پی عثمان باجوہ کی طرف سے شکریہ اداکرتے ہوئے ابصار عالم نے کہا کہ پیمرا قانون کی عملداری میں معاونت اورپیمرا ٹیم کو تحفظ فراہم کرنے پر سندھ پولیس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :