موٹروے پولیس نے اپنی بہترین صلاحیتوں اور خوش اخلاقی سے شاہرائوں پر قانون کی حکمرانی قائم کی،پولیس شوکت حیات

روڈ سیفٹی کے شعور کو اجاگر کرنے میں معاشرے کے ہر فر د کو اپناکردار ادا کرنا چاہیے معاشرے میں موجود سپیشل بچے بھی ہمارے قیمتی اثاثہ ہیں، آئی جی این ایچ اے کاروڈ سیفٹی ڈرائنگ اور تقریری مقابلوں میں شریک شرکاء سے خطاب

جمعہ 13 جنوری 2017 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس لائن ہیڈ کواٹر اسلام آباد میں روڈ سیفٹی سر گرمیوں کے حوالے سے روڈ سیفٹی تقریری مقابلوں اور زونل روڈ سیفٹی ڈرائنگ اور پینٹنگ مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات و اسناد تقسیم کرنے کے حوالے سے جمعہ کو ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈ کواٹر غلام رسول زاہد،اے آئی جی(فنانس ) ناصر محمود ستی،اے آئی جی( آپریشن)عباس احسن، اے آئی جی (لاجسکٹس ) خرم شہزاد، چیئر پرسن نائیکون گروپ آف کالجزعزیز فاطمہ ناز کے علاوہ موٹروے پولیس کے دیگر سینئرافسران اور نائیکون گروپ آف کالجز کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

روڈ سیفٹی ڈرائینگ اور پینٹنگ مقابلوں میں سینٹرل زون کے طلباء نے پہلی جبکہ ویسٹ کے طلباء اور موٹروے زون کے طلباء نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ تقریری مقابلوںمیں نائیکون گروپ آف کالجز کے طاہر ہ اکبر نے پہلی جبکہ حسنہ اور کشمالہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات نے کہا کہ موٹروے پولیس نے نئی پولیسنگ کلچر متعارف کروائی ہے اور عوام میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے بارے میں نئی سوچ پید ا کی ہے۔ موٹروے پولیس نے اپنی بہترین صلاحیتوں ،اپنے کردار ، خوش اخلاقی اور فرض شناسی سے شاہرائوں پر قانون کی حکمرانی قائم کی۔

تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات کئے ۔ جن سے وطن عزیز میں حادثات کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ ہمارے موبائل ایجوکیشن یونٹس تعلیمی اداروں ،بس اڈوں اورمختلف عوامی مقامات پر ٹریفک اور روڈ سیفٹی ایجوکیشن مہیا کرتے ہیں۔طالب علموں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے روڈ سیفٹی پوسٹرزاور پینٹنگ کے مقابلے تمام زونز کی موبائل ایجوکیشن یونٹس کے ذریعے ان کے علاقوں میں موجود تعلیمی اداروں میں منعقد کرائے گئے ۔

موٹروے زون، نارتھ زون،سینٹرل زون اور ویسٹ زون نے روڈ سیفٹی پوسٹرز یہاں آویزاں کر کے اپنی محنت کا ثبوت دیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ روڈ سیفٹی کو موٹروے پولیس نے ہمیشہ پہلی ترجیح دی ہے تاکہ عوام میں روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے اور سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی جان ومال کی بہترطریقے سے حفاظت کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی پروگرامز سے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں۔

روڈ سیفٹی ہر شہری کی ذمہ دار ی ہے اور اسی طرح معاشرے کے تمام طبقوں کو ساتھ لے کراجتماعی طریقے سے ٹریفک حادثا ت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ روڈ سیفٹی کے شعور کو اجاگر کرنے میں معاشرے کے ہر فر د کو اپناکردار اداکرناگا ۔ انہوں نے روڈ سیفٹی تقریری اور پینٹنگ مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباء وطالبات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کے دوسرے حصوں سے بھی طلباء ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہم سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی جانوں کو محفوظ بنا سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ وڈ سیفٹی ایجوکیشن کے حوالے سے NICONگروپ آف کالجز نے بھی گہری دلچسپی لی ہے۔ جنہوں نے موٹروے پولیس کے زیر نگرانی نہ صرف روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا بلکہ روڈ سیفٹی واک، روڈ سیفٹی پینٹنگ مقابلے اور روڈ سیفٹی کوئز مقابلوں کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی تقریری مقابلوں کا بھی انعقاد کیا ہے جو کہ قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی انسانی زندگی کا ایک اہم پہلو ہے اور دنیا میں ایجوکیشن کا بہترین ذریعہ بچے تصور کئے جاتے ہیں لہذا موٹروے پولیس نے بھی بچوں کی انتہائی نچلی سطح سے لے کر یونیورسٹی لیول تک روڈ سیفٹی کی آگاہی کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دئیے ہیں۔

ان پروگراموںمیںروڈ سیفٹی واک ، روڈ سیفٹی سیمنار، روڈ سیفٹی ورکشاپ کا انعقاد شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ طلباء قوم کا مستقبل ہیں۔ روڈ یوزرز کو مدد فراہم کرنا،روڈ یوزرز کے ساتھ عزت اور اخلاق سے پیش آنااور اپنے آپ کو خدمت کے جذبے سے سرشار رکھنا ہی ہما رے اولین مقاصد ہیں۔ انسپکٹر جنرل نے کہا کہ معاشرے میں موجود سپیشل بچے بھی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ۔

اس موقع پر چیئر پرسن نائیکون گروپ آف کالجز عزیز فاطمہ ناز نے موٹروے پولیس کی روڈ سیفٹی کے حوالے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس نے عوام کی اخلاقی اور دوران سفر مشکل میں مدد کا کلچر پیش کرکے پولیس اور عوام کے درمیان حائل فاصلوں کو دور کیا ہے۔ تقریب کے آخر میں چیئر پرسن نائیکون گروپ آف کالجز عزیز فاطمہ نے آئی جی موٹروے پولیس شوکت حیات کو شیلڈ پیش کی جبکہ آئی جی موٹروے پولیس نے چیئر پرسن عزیز فاطمہ اور ہیڈ آف انگلش لینگوئج ڈیپارٹمنٹ ثمرہ ستی کوموٹروے پولیس کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی ۔

انسپکٹر جنرل ، شوکت حیات نے روڈ سیفٹی ڈرائینگ /پینٹنگ مقابلوں اور روڈ سیفٹی تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :