پاک سرزمین پارٹی نے کراچی میں جلسے کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا

شہر کراچی کو سید مصطفی کمال نے دنیا کے خوبصورت شہروں کی فہرست میں لاکھڑا کیا تھا ، انیس قائم خانی

جمعہ 13 جنوری 2017 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) پاک سرزمین پارٹی نے 29 جنوری 2016 کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے عوام رابطہ مہم کا آغاز کردیا ہی, اسی سلسلے میں صدر پاک سرزمین پارٹی کراچی کے مختلف مقامات پر منعقدہ ڈسٹرکٹ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی عوام کے مسائل ان کے حل اور حقوق حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، کراچی میں تبت سینٹر کے مقام پر عدالت لگانے جا رہے ہیں، اس شہر کو سید مصطفی کمال نے دنیا کے خوبصورت شہروں کی فہرست میں لاکھڑا کیا تھا لیکن ہمارے حکمرانوں نے اس شہر کو دنیا کے بدترین شہروں میں شامل کروا دیا، عوام نے موقع دیا تو پورے پاکستان کو دنیا میں ایک منفرد مقام دلانے کی بھرپور کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کا آغازلیاقت آباد سے کرنے کی وجہ یہاں کی تاریخی حیثیت ہے اور یہاں کے عوام نے ہمیشہ محب وطن تحریکوں کا ساتھ دیا ہے، فیڈرل بی ایریا سمیت کراچی کے تمام شہری بلاامتیاز رنگ ونسل ومذہب 29 جنوری کے جلسے میں شرکت کریں اور یہ تاریخ ہے کہ کراچی شہر سے جو تحریک شروع ہوتی ہے اس کا اثر پورے ملک پر ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی اپنے لیے نہیں آپ کے اور آپ کے بچوں کے مستقبل کیلئے نکلے ہیں،صوبائی و وفاقی حکومت نے ہمارے مسائل حل نہ کیے تو ان کے دروازوں پر مظاہرہ کریں گے اور اپنے جائز حقوق ان سے حاصل کرنے کیلئے آئینی و قانونی راستے اختیار کریں گے، انیس قائم خانی نے لیاقت آباد اور عائشہ منزل پر ڈسٹرکٹ جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب اور بعدازاں ناظم آباد گلبہار ٹاؤن اور ڈسٹرکٹ سینٹرل حیدری مارکیٹ میں پارٹی آفس کا افتتاح بھی کیا․ اس موقع پر لیاقت آباد میں بسنے والی مختلف برادریوں بندھانی، بانٹوا میمن، سندھی، راجپوت اور بلوچ برادری نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور تبت سینٹر پر منعقدہ جلسے میں شرکت کی یقین دہانی کروائی۔