ڈی جی کے ڈی اے نے کراچی میں بارش کے پیش نظر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں

جمعہ 13 جنوری 2017 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کراچی میں موسم سرما کی بارش کے پیش نظر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ رین ایمرجنسی سینٹر میں ہمہ وقت عملے کی موجودگی کویقینی بنایا جائے اور ہنگامی صورت میں اس کے فوری ازالے کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے ایگزیکٹو انجینئرکلفٹن اور ملیر ریور بند کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران اسکیم کے مختلف علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں اور تین شفٹوں میں عملے کی موجودگی کو برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ کے ڈی اے کے انجینئرز اور دیگر عملہ کو کے ایم سی کے رین ایمرجنسی پر مامور عملہ کے ساتھ قریبی رابطہ اور مل جل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے نے کے ڈی اے پولی کلینک کے ڈاکٹر اور چیف میڈیکل آفیسر محمد سلیم اور ڈاکٹر امتیازشاہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ بھی اپنے عملے کے ساتھ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بارش کے دوران کسی بھی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں عملہ بروقت اپنے فرائض سرانجام دے سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری بارش کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کے لئے سوک سینٹر میں قائم کے ڈی اے کے رین ایمرجنسی سینٹر کے ان نمبرز پر 99230247, 99230248, 99230249,99230250پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :