گیس و بجلی کی بندش سے گھر یلو اور کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ذکر اللہ مجاہد

حکمرانوں کے پیرس میں عوام ایل پی جی اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہو چکے ہیں ،امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 13 جنوری 2017 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں گیس و بجلی کی بندش سے گھریلواور کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوںنے جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، سینئر رہنماجماعت اسلامی حافظ سلمان بٹ ، سید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہو رچوہدری محمود الاحد ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، چوہدری عبدالقیوم گجر، چوہدری محمد شوکت ودیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ سردی کی شدت بڑھتے ہی لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

صبح وشام میں گیس کی عدم فراہمی سے گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے گھروں میں کھانے و ناشتہ کے اوقات میں گیس کی بندش نے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس کی وجہ سے گھروں میں پینے کا پانی نایاب ہو گیا ہے، ڈیوٹی پر جانے والے ملازمین اور طالب علم بغیر ناشتہ کئے سکولوں اور دفافتر جانے پر مجبو ر ہیں اور مساجد میں نمازیوں کو وضو تک کیلئے پانی دستیاب نہیں رہا اس صورتحال میں شہری نفسیاتی امراض کا شکار ہورہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو نظام زندگی اور کاروبار مفلوج اور ٹھپ ہونے سے مزدور طبقہ کی اکثریت بے روزگاری کا شکار ہو کر گھروں میں بیٹھ گئی ہے ۔حکمرانوں کے پیرس میں عوام مہنگی ایل پی جی اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ کو جلدسے جلد ختم کیا جائے ورنہ جماعت اسلامی لاہور شہر بھر میں عوام کے ساتھ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئی۔