عمان کی کونسل آف اسٹیٹ کے صدر ڈاکٹر یحییٰ بن محفوظ کا یادگار پاکستان کا دورہ ،مختلف حصے دیکھے ، اسلام آباد کا طائرانہ جائزہ

ڈاکٹر یحییٰ کی اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی اور منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کی بے حد تعریف، پاکستان مانومنٹ کو خوبصورت یادگار قراردیدیا

جمعہ 13 جنوری 2017 22:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2017ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سلطنت آف عمان کی کونسل آف اسٹیٹ(ایوانِ بالا) کے صدر ڈاکٹر یحییٰ بن محفوظ بن سالم المنتہر نے جمعہ کے روز پاکستان مانومنٹ کا دورہ کیا۔ پاکستان مانومنٹ آمد پر اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سینیٹر تاج حیدر کے علاوہ وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ معزز مہمان نے پاکستان مانومنٹ کے مختلف حصے دیکھے اور اسلام آباد کا طائرانہ جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر اسلا م آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے معزز مہمان کو بتایا کہ پاکستان مانومنٹ ان لوگوں کی یادگار کے لیے تعمیر کی گئی ہے جنہوں نے اپنا آج پوری قوم اور ملک کے کل کے لیے قربان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کیا جانے والا پاکستان کا دارالحکومت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اپنی قدرتی خوبصورتی ، بہترین منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کے باعث ملک کے دیگر شہروں سے منفرد شہر ہے جس کے باعث ملک بھر کے لوگ اس شہر میں آباد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت اسلام آباد کی آبادی دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے معزز مہمان کو بتایا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ شہر کی تعمیر و ترقی ، دیکھ بھال اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیرِ اعظم محمد نواز شریف نے منتخب عوامی نمائندوں کو یہ ذمہ داری سونپی ہے جس کے بڑے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے بتایا کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندے ایک ٹیم کے طور پر اسلام آباد کو وزیرِ اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ماڈل شہر بنانے کے لیے سرِگرمِ عمل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان مانومنٹ کا ڈیزائن ملک کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان،فاٹا اور کشمیر کی عکاسی کرتا ہے۔ سلطنت آف عمان کی کونسل آف اسٹیٹ(ایوانِ بالا) کے صدر ڈاکٹر یحییٰ بن محفوظ بن سالم المنتہر نے اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی اور منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کو بے حد سراہا اور پاکستان مانومنٹ کو ایک خوبصورت یادگار قراردیا۔

متعلقہ عنوان :