کراچی کے ہوٹل میں پراٹھے بنانے والا حنان خان کل ملائیشین کرکٹ ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گا

جمعہ 13 جنوری 2017 22:03

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) کراچی کے ہوٹل میں پراٹھے بنانے والا حنان خان کل ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملائشیا کرکٹ ٹیم کے خلاف میچ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گا ،این سی اے الیون میں شامل 19سالہ کرکٹر کو ملائیشین ٹیم کیخلاف ٹوئنٹی20میچ میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔تفصیلات کے مطابق چند ہفتے قبل سوشل میڈیا کی بدولت چائے والے ارشد خان کو بے پناہ شہرت ملی،جاذب نظر شخصیت توجہ کا مرکز بنی تو انھیں ماڈلنگ اور فلم میں کام کرنے کا موقع فراہم کردیا گیا، اب کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں پراٹھے بنانے والا حنان خان کرکٹ میں لمبی اڑان بھرنے کیلئے تیار ہیں،لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین کو این سی اے الیون میں شامل کیا گیا ہے، 19سالہ کرکٹر ہفتے کو ملائیشین ٹیم کیخلاف قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ٹوئنٹی 20 میچ میں صلاحیتوں کا اظہار کرینگے، اگلے روز دوسرا مقابلہ بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے علاقے چمن سے تعلق رکھنے والے حنان خان کو پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران منتخب کیا تھا، وہ کوئٹہ میں گریڈ 2 کے دو میچز کھیل چکے ہیں، انھوں نے کہاکہ میرا تعلق ایک ایسے علاقے سے ہے جہاں زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی جاتی، مگر پھر بھی سلیکٹر وہاں آکر ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں،موقع ملنے پر خوش اور پٴْر امید ہوں کہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ایک دن قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

متعلقہ عنوان :