Live Updates

عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے بدعنوان احتساب کمیشن بنانے پر قوم سے معافی مانگیں،کمیشن سفیدپوشوں کیساتھ اور شرفاء کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے قائم کیاگیا ،بنیادی مقصد سیاسی مخالفین کو دباناتھا،بدعنوان کمیشن کیخلاف وہ میدان میں نکلے ہیں ، پشاورہائیکورٹ کے ساتھ ہر فورم پر اس بدعنوان کمیشن کے خلاف آوازاٹھائینگے، عمران خان جس مغربی جمہوریت کی ہر وقت مثالیں دیتے ہیں وہ اپنی جماعت میں قائم کرکے دکھائیں

تحریک انصاف کے منحرف رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 13 جنوری 2017 21:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2017ء) تحریک انصاف کے منحرف رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی نے مطالبہ کیاہے کہ عمران خان ملک کی تاریخ کے سب سے بدعنوان احتساب کمیشن بنانے پرمجھ سمیت پوری قوم سے معافی مانگیں اورجس مغربی جمہوریت کی وہ ہر وقت مثالیں دیتاہے اس جمہوریت کو اپنی جماعت میں بھی قائم کرکے ورکروں کی مشکلات کاازالہ کرے۔

پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی نے کہاکہ احتساب کمیشن سفیدپوشوں کیساتھ بیوروکریسی اور شرفاء کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے قائم کیاگیاہے اس کمیشن کابنیادی مقصد اپنے سیاسی مخالفین کو دبانا ہے افسرشاہی کو جس طریقے سے بلیک میل کیاجارہاہے ردعمل میں وہ سرکاری کام میں رخنے ڈال رہی ہے اس بدعنوان کمیشن کیخلاف وہ میدان میں نکلے ہیں اور پشاورہائیکورٹ کے ساتھ ہر فورم پر اس بدعنوان کمیشن کے خلاف آوازاٹھائینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان پوری دنیا کو مغربی تہذیب کے قصے سناکر متاثر کرنے کی کوشش کرتاہے جس جمہوریت کی وہ خودمثالیں دیتاہے سب سے پہلے انہیں اپنی سیاسی جماعت میں قائم کرناچاہئے ،پارٹی میں تو وہ خودورکرکی سنتا نہیں ملک کی تاریخ کی بدعنوان ترین کمیشن بنانے پرعمران خان قوم سے معافی مانگے کیونکہ اس کمیشن نے بیوروکریسی کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ سیاسی مخالفین کوبھی نشانہ بنایاہے انہوں نے کہاکہ کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر میجراحسن اپنے ہی کمشنرکیخلاف چارٹ شیٹ تیارکررہاہے دوسری جانب کمشنراپنے ڈائریکٹر پر الزامات عائد کررہاہے بتایاجائے کمشنربدعنوان ہے یا ڈائریکٹر۔

احتساب کمیشن میں مسلسل ترامیم لاکرسیاسی مخالفین کو زیرکرنے کی کوشش کی جارہی ہے احتساب کمیشن کے ملازمین کی بھرتی بھی مکمل طور پر غیرقانونی ہوئی ہے جب کمیشن خودغیرقانونی ہے تو وہ دوسروں کاکیااحتساب کریگا۔اپنی سیاسی مستقبل کے حوالے سے سوال کے جواب میں ضیاء اللہ آفریدی نے کہاکہ انہوں نے تاحال کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیاہے وقت آنے پر وہ میڈیا کے سامنے اپنی شمولیت کلیئرکردینگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات