Live Updates

امن و امان کی بحالی، توانائی بحران کے خاتمہ اورمعاشی ترقی کی صورت میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے تین بڑے وعدے پورے کر دیئے ہیں، بیشتر توانائی منصوبوں کی تکمیل سے توانائی بحران کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا،معیشت کے میدان میں حکومت کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ترقی کا سفر برق رفتاری سے جاری رہے گا، عمران خان اور ترقی کے دشمن آج پاکستان میں ہونے والی ترقی سے سخت خائف ہیں

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا سانگلہ ہل میں جلسہ عام سے خطاب

جمعہ 13 جنوری 2017 20:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ امن و امان کی بحالی، توانائی بحران کے خاتمہ اورمعاشی ترقی کی صورت میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے قوم سے کئے گئے تین بڑے وعدے پورے کر دیئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ضلع ننکانہ کی تحصیل سانگلہ ہل میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر محمدنواز شریف نے قوم سے تین بڑے وعدے کئے تھے جن میں سرفہرست ملک سے انتشار اور دہشت گردی کا خاتمہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین حکمت عملی اور سیکیورٹی اداروں کی محنت اور قربانیوں کے باعث آج نہ صرف ملک میں امن کی فضاء لوٹ آئی ہے بلکہ آج ملک کے چپے چپے پر حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے اور بین الاقوامی جریدوں اور دیگر رپورٹس کے مطابق سال 2016ء کو پچھلی15 سالوں میں پاکستان کا محفوظ ترین سال قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے توانائی بحران پر بھی بڑے احسن انداز سے قابو پا لیا ہے اور 12 سے 16 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے شکار علاقوں میں بڑے محدود پیمانے پر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر توانائی منصوبوں کی تکمیل سے آئندہ ایک دو سال میں تقریباً 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آنے سے توانائی بحران کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح معیشت کے میدان میں حکومت کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور ہمارے وزیر خزانہ کو اس خطہ کا بہترین وزیر خزانہ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، آج پاکستان کی سٹاک مارکیٹ ایشیاء کی بہترین سٹاک مارکیٹ بن چکی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں ملک میں 50 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس سے پاکستان کے تمام علاقوں کے عوام یکساں مستفید ہوں گے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ جلسہ عام میں ہزاروں افراد کی شرکت مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر اعتماد اور محمد نواز شریف سے محبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے سانگلہ ہل کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کر دکھائے ہیں، سانگلہ ہل انٹرچینج کی تعمیر کی صورت میں نواز شریف کا اس علاقہ کے عوام سے ایک بڑا وعدہ پورا ہو چکا ہے اور اب تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے حلقہ NA-135 کو گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ دیہی سڑکوں کے پروگرام کے تحت حلقہ NA-135 میں درجنوں سڑکوں کو کارپٹ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محمدنواز شریف کے نمائندے کی حیثیت سے انہوں نے سانگلہ ہل اور حلقہ NA-135 کے عوام کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی اور یہی وجہ ہے سانگلہ ہل کے بلدیاتی انتخابات میں انہوں نے ہماری جماعت پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے اسے کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ سانگلہ ہل شہر کی سڑکیں جو کبھی کھنڈرات کا منظر پیش کرتی تھی آج نہ صرف تعمیر ہو چکی ہیں بلکہ بازاروں میں ٹف ٹائیلز تک نصب کی گئی ہیں، یہی نہیں ہل ویو پار ک کی صورت میں سانگلہ ہل کے عوام کو تفریح کے مواقع دینے کی بھی بھرپور کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا یہ سفر یہاں اختتام پذیرنہیں ہو رہا بلکہ پوری برق رفتاری سے جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے انتخابات کے بعد اب بلدیاتی نمائندے بھی محمدنواز شریف کے وژن کی تکمیل کیلئے نچلے لیول پر عوام کی بھرپور خدمت کریں گے اورعوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان اور دیگر ترقی کے دشمن آج پاکستان میں ہونے والی ترقی سے سخت خائف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حواری اور دیگر چند ترقی کے دشمن آپ کی اور سانگلہ ہل سمیت NA-135 کی ترقی سے ہرگز خوش نہیں ہیں او راُن کی بھرپور کوشش ہو گی کہ ترقی و خوشحالی کے اس سفر کو ڈی ریل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سانگلہ ہل اور حلقہ NA-135 عوام نے ان ترقی کے دُشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانا ہے اور جنرل الیکشن میں ان کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت نے اس امر کو ثابت کر دیا ہے کہ سانگلہ ہل کے عوام کا راستہ ترقی و خوشحالی کا راستہ ہے اور اس جلسہ نے چند ہفتے قبل سانگلہ ہل انٹرچینج کے مقام پر ہونے والے اس عظیم الشان جلسے کی یاد تازہ کر دی ہے جس میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے شرکت کی تھی او ر سانگلہ ہل انٹرچینج کے افتتاح کے ساتھ ساتھ اس علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے اور بھی کئی بڑے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے اس اعتماد پر ان کے بے حد شکر گزار ہیں اور محمد نواز شریف کے نمائندے کی حیثیت سے سانگلہ ہل اور حلقہ NA-135 کے عوام کی خدمت بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات