خلیجی ملک کویت میں تعینات ایک امریکی فوجی نے خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی

جمعہ 13 جنوری 2017 19:40

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) خلیجی ملک کویت میں تعینات ایک امریکی فوجی نے خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک امریکی فوجی نے اپنے نجی پستول سے خود کو گولی مارلی۔کویت کی وزارت داخلہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فوجی ڈیوٹی پر موجود تھا جب اس نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے بھی کویت میں امریکی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کردی اور کہا کہ 'کویت میں ہمارا ایک فوجی ہلاک ہوگیا ہی'۔محکمہ دفاع نے بھی واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔کویتی وزارت دفاع نے بتایا کہ خود کشی کرنے والے اہلکار کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے بتایا کہ وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کویت سٹی کے جنوب میں 70 کلو میٹر کے فاصلے پر کیمپ عریفجان کے نام سے ایک امریکی فوجی اڈا قائم ہے جہاں ہزاروں امریکی فوجی تعینات ہیں۔واضح رہے کہ بیرون ملک تعینات امریکی فوجیوں میں خود کشی کا رجحان بڑھ رہا ہے خاص طور پر 2012 اور 2013 میں اس میں کافی اضافہ ہوگیا تھا۔اس حوالے سے 2013 میں جاری ہونے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2012 میں 349 امریکی فوجیوں نے اپنی جان لے لی اور یہ تعداد اس سال افغانستان کے اندر مختلف جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے 310 فوجیوں سے زیادہ ہے۔امریکہ کے فوجی اور سویلین حکام اس رجحان کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :