قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کی طرف سے خواتین کو جلانے کے حوالے سے ترمیمی بل 2014 کی منظوری خوش آئند ہے،ماروی میمن

جمعہ 13 جنوری 2017 16:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) وزیر مملکت اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ بطور پارلیمنٹیرین ہمارا فرض ہے کہ خواتین کے خلاف زیادتی اور دوسرے جرائم کے حوالے سے بہتر قانون سازی کی جائے ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے خواتین کو جلانے کے حوالے سے ترمیمی بل 2014 کی منظوری دی ہے جو خوش آئند ہے، اس سے پہلے خواتین کو جلانے اور دوسرے جرائم کے حوالے سے بل میں سزا ناقابل ضمانت گرفتاری ، جرمانہ اور 14سال قید تھی لیکن 65 فیصد خواتین کو انصاف نہیں ملتا تھا۔

انہوںنے مزید کہاکہ خواتین کو جلانے اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لئے جامع میکنزیم بنایاگیا ہے جو اسلام آباد کے لئے ماڈل ہے اور توقع ہے کہ صوبے بھی اسے اپنائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے امید ظاہر کی کہ ترمیمی بل اپوزیشن کے ساتھ مل کر متفقہ طورپر منظور کرایاجائے گا ۔ انہوںنے کہاہ اس سے قبل خواتین کے خلاف کافی زیادتیاں ہوئی ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے سلسلہ میں کافی اقدامات کئے گئے ۔ انہوںنے کہاکہ خواتین کے حقوق کے لئے اس سے قبل 6 مختلف بل لائے گئے لیکن آج داخلہ امور کی ذیلی کمیٹی نے خواتین کو جلانے اور دوسرے جرائم کے حوالے سے ترمیمی بل 2014کی منظوری دی ہے جو بارش کا پہلا قطرہ ہے۔