کشمیریوں کی قربانیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر ہندوستان کیخلاف ماحول پیدا ہوا ‘مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر دنیا میں امن نہیں ہو سکتا ‘ راج ناتھ سنگھ نے بھی اقرار کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل حق خودارادیت دلانے میں ہے‘جماعت اسلامی 5فروری کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کشمیر پروگرام منعقد کیا جائیگا

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے رکن اسمبلی عبدالرشید ترابی کا مشاورتی اجلاس سے خطاب

جمعہ 13 جنوری 2017 14:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر ہندوستان کے خلاف ماحول پیدا ہوا ہے مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر دنیا میں امن نہیں ہوسکتا ،راج ناتھ سنگھ نے بھی اقرار کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل حق خودارادیت دلانے میں ہے،جماعت اسلامی 5فروری کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کشمیر پروگرام منعقد کیا جائیگاجس سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے،اہلیان مظفرآباد سراج الحق کا فقید المثال استقبال کریں گے،برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ ساری دنیا میں تحریک پیدا ہوئی ہے ،عالمی سطح پر بھرپور سفارتی مہم کی ضرورت ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی مظفرآباد کے زیر اہتمام مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان،کمانڈر شمشیر خان،امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد قاضی شاہد حمید سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ فروری میں ترکی میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس منعقد کی جائے گی جبکہ مارچ میں مظفرآباد میں انٹرنیشنل کانفرنس کے لیے ہوم ورک شروع کر دیاگیا ہے،سال بھر کی سرگرمیوں کا کلینڈر بنا دیا ہے اس مسئلہ کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف جماعت اسلامی کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ قومی مسئلہ ہے جماعت اسلامی کی ترجیح اول کشمیر کی آزادی اور آزاد خطے میں نظام کی تبدیلی ہے جس کے لیے سب مل کر اپنا کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ آ ج بھی مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی کی قیادت کو ہندوستانی فوج ہدف بنائے ہوئے ہے آزادی کی تحریک میں جماعت اسلامی نے ہزاروں شہداء پیش کیے ہیں 9/11کے بعد ہندوستان نے بڑی چالاکی کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑنے کی سازش کی مگر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد دنیا نے یہ تسلیم کیا کہ یہ کشمیریوں کی اپنی تحریک ہے اور کشمیریوں کے موقف کی تائید کی انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کی قاضی حسین احمد،سید منور حسن،سراج الحق سمیت جماعت اسلامی کی ساری قیادت نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے پشتیبانی کی ،انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی سطح پر سازگار ماحول سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر سفارتی مہم تیز کرے ۔