سینیٹ آف پاکستان اور عمان کی سٹیٹ کونسل کے مابین پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ تشکیل اور بین الپارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط پر اتفاق

مقصد پارلیمانی تعاون کو بڑھانے اور اقتصادی شعبے میں باہمی تعاون کیلئے راہیں ہموار کرنا ہوگا

جمعرات 12 جنوری 2017 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) سینیٹ آف پاکستان اور عمان کی سٹیٹ کونسل کے مابین پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ تشکیل دینے اور بین الپارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے ۔ جس کا مقصد پارلیمانی تعاون کو بڑھانے اور اقتصادی شعبے میں باہمی تعاون کیلئے راہیں ہموار کرنا ہوگا۔

جمعرات کے روز چیئر مین سینیٹ میاں رضاربانی سے عمان کے سٹیٹ کونسل کے صدر ڈاکٹر یحییٰ محفوظ سالم المنتھری نے پارلیمنٹ ہائوس میںملاقات کی ۔ وفد چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے چار روزہ دورے پر ہے ۔ پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والی اس ملاقات میں سینیٹ میں قائد ایوان اعتزاز احسن ،جہاز رانی و بندرگاہ کے وفاقی وزیر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو ، سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی ، سینیٹر باز محمد خان ، سینیٹر سیف اللہ مگسی اورسینیٹر غوث محمد نیازی کے علاوہ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک بھی ملاقات میںموجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ ددنوں ملکوں کے مابین گہرے ثقافتی ، تاریخی اور مذہبی تعلقات موجود ہیں ۔اور ہماری خواہش ہے کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے انہیں مضبوط بنایا جائے ۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی گنجائش موجو دہے ۔ اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کی تجدید کی ضرورت ہے ۔

میاں رضاربانی نے کہا کہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے فورم پر بھی دونوں ملکوں میں بہترتعاون پایا جاتا ہے ۔ا ور انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں سے اس فورم کو مزیدموثر بنایا جائے گا۔ وفد کے راہنما نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے پارلیمانوں کے مابین روابط کے استحکام پر زور دیا ۔ عمانی سٹیٹ کونسل کے سربراہ نے کہا کہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے پارلیمان سب سے موثر ادارہ ہے اور دونوں ملکوں کے مابین اس تعاون مو مربوط کرنے کیلئے مشترکہ پارلیمانی فرینڈ شپ کمیٹی کی فوری تشکیل ضروری ہے ۔ دونوں وفد کے سربراہوں نے باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ایک مضبوط لائحہ عمل پر بھی اتفاق کیا ۔

متعلقہ عنوان :