چنیوٹ ،ڈیم بنانے کیخلاف عوام کا احتجاج اور ریلی

جمعرات 12 جنوری 2017 20:23

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) چنیوٹ ڈیم بنانے کیخلاف ضلع چنیوٹ کے ہزاروں عوام کا احتجاج اور ریلی ،ریلی کی قیادت سید ذوالفقار علی شاہ صدر کسان بورڈ ضلع چنیوٹ نے کی ،جس میں ضلع چنیوٹ کی تمام سیاسی جماعتوں نے بھر پور شرکت کی ،مقررین نے کہا ہے کہ حکومت کی اس فیصلے سے ایک سو پچاس دیہات کی آبادی اور ضلع چنیوٹ کی زرخیزترین زمین ڈیم کی نذرہوگی مقررین کا کہنا تھا کہ اگر یہ کسی قطری شہزادے کی شکار گاہ یا میاں منشاء گروپ کی کوئی ملز یہاں پر ہوتی تو شائد حکومت یہاں پر ڈیم نہ بنانے کا اعلان کرتی لیکن یہاں پر غریب عوام کی زمینیں ہیں اس لیے یہاں پر ڈیم بنایا جا رہا ہے اس ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف چنیوٹ کے دیہاتوں کی آبادی متاثر ہو گی بلکہ چنیوٹ شہر بھی سیم کی زد میںآئے گا اس ڈیم کی تعمیر سے چنیوٹ کی معیشت کو بے پناہ نقصان ہو گا کیونکہ یہ ہی چنیوٹ کے زرخیز ترین علاقہ ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی صورت میں اس ڈیم کو نہیں بننے دیں گے ،اگر حکمران ڈیم بنانے سے باز نہ آئے تو آئندہ کا لائحہ عمل چنیوٹ بچائو تحریک کی ایکشن کمیٹی میں کیا جائے گا احتجاجی شرکاء نے ڈی سی آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جس کے باعث ختم نبوت چوک سے فیصل آباد ، جھنگ ،سرگودھا اور لاہور روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ،مقررین میں سید ذوالفقار علی شاہ صدر کسان بورڈ چنیوٹ، چوہدری محمد اسلام خان جماعت اسلامی ،مرکزی رہنما پیپلز پارٹی و سابق ایم پی اے سید حسن مرتضیٰ ، سید بابر علی شاہ ،سید عنایت علی شاہ سابقہ ایم این اے ،سید کلیم علی امیر ،سید فخر امیر ،مہر مقصود ہرل ایڈووکیٹ ،میاں عمران علی نیکوکارہ ،میان عرفان احمد نیکوکارہ ایڈووکیٹ، محمد نواز سپراء ،میاں عبدالقیوم ہنجرا جماعت اسلامی ،ملک فتح شیر کھوکھر ایڈووکیٹ کے علاوہ چیئرمین یونین کونسلز کے کونسلرز نے بھی خطاب کیا ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چنیوٹ ،تحصیل بار لالیاں اور تحصیل بار بھوآنہ کے ممبران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :