ملک میں گندم کا کافی ذخیر ہ موجود ، مارچ کے پہلے ہفتے گندم کی ایکسپور ٹ شروع ہوجائیگی ،سکندر حیات بوسن

دیگر ممالک کیساتھ تجارت کی بہتر ی کیلئے مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی ، شیخ آفتاب سی پیک کی وجہ سے چائنیز زبان کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے ، 28یونیورسٹیوں میں چائنیز زبان پڑھائی جا رہی ہے اور5سنٹرز بنائے گئے ہیں، کراچی لاہور سمیت دیگر شہروں میں زائد قیمتوں پر ادویات بیچنے والوں کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے،بلیغ الرحمن ،سینٹ وقفہ سوالات

جمعرات 12 جنوری 2017 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں گندم کا کافی ذخیر ہ موجود ہے، ، مارچ کے پہلے ہفتے میں گندم ایکسپور ٹ ہونا شروع ہوجائیگی ، دیگر ممالک کیساتھ تجارت کی بہتر ی کیلئے مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی ، سی پیک کی وجہ سے چائنیز زبان کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے ، 28یونیورسٹیوں میں چائنیز زبان پڑھائی جا رہی ہے اور5سنٹرز بنائے گئے ہیں، کراچی لاہور سمیت دیگر شہروں میں زائد قیمتوں پر ادویات بیچنے والوں کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزراء نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے ایک سوال پر ایوان بالا کو بتایا کہ جو سڑکیں 20سال کے لئے ایف ڈبلیو او کو دیدی گئی تھی اور انہوں نے وہاں ٹول ٹیکس بڑھا دیا یہ پیسے سڑک کی مرمت کے لئے استعمال ہوتے ہیں نئی سڑکیں بنانے میں سٹرکچر بنانے میں وقت لگ جاتا ہے کیونکہ اس میں پل آ جاتے ہیں جن کو بنانے میں وقت لگ جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

جی ٹی روڈ پر موجود تمام ٹول پلازوں کو نیلامی کے لئے رکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کیساتھ ٹریڈ کو بہتر بنانے کے لئے مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ کسی بھی نئے منصوبے کو شروع کرنے کے لئے زمین خریداری کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بعض اوقات کئی کئی ماہ بھی لگ جاتے ہیں ۔ وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن نے ایوان کو بتایا کہ 28یونیورسٹیوں میں چائنیز پڑھائی جا رہی ہے اور5سنٹرز بنائے گئے ہیں ان میں چائنیز اور پاکستانی اساتذہ پڑھا رہے ہیں۔

سی پیک کی وجہ سے چائنیز زبان کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ اس پر فوکس کر کے آئندہ برس میں ایک لاکھ کے قریب طلبا کو 6ماہ چائنیز لینگوئج کورس کروایا جائے۔ وفاق اور سندھ میں چائنیز زبان پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے اور کورسز پڑھائے جا رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے ابھی کوئی بھی دوسرا ہسپتال نہیں بنایا گیا لیکن اس کے باوجود کام کر رہے ہیں او پی ایف کے لئے فنڈز محدود ہیں جن کے اندر رہ کر کام کیا جاتا ہے۔

میر حاصل بزنجو نے ایوان کو بتایا ماہی گیری کیلئے مزید لائسنسز جاری نہ کئے جائیں ،ایسا ہوا تو لوگ انکا غیر قانونی طور پر شکار کرینگے اور سمندر میں مچھلی نظر نہیں آئے گی بلیغ الرحمن نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں2016میں بڑھائی گئی تھیں اور اس کے لئے ایک طریقہ کار بنایا گیا تھا کہ کس طرح ادویات کی قیمتیں بڑھائی جائیں کچھ خاص قسم کی ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں کیونکہ کمپنیاں انہیں بند کرنے کے در پے تھیں۔

کراچی لاہور سمیت دیگر شہروں میں زائد قیمتوں پر ادویات بیچنے والوں کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے ۔ ایوان بالا نے پی سی بی کی آمدن اور خرچ کے حوالے سے سوال کو متعلقہ کمیٹی میں بھجوا دیا تاکہ سال کی کل آمدن اور خرچ کا جائزہ لیا جا سکے۔ وفاقی وزیر برائے خوراک سکندر حیات بوسن نے ایوان کو بتایا کہ دیگر ممالک سے گندم امپور ٹ کرنے پر 60فیصد ڈیوٹی لگائی گئی ہے تاکہ امپورٹ کو کم کیا جا سکے ۔

باہر سے گندم کراچی کی فلور ملوں نے منگوائی تھی جس پر تحفظ کا اظہار کرتے ہوئے بند کر دی تھی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں گندم کی قیمت بہت کم ہے جس وجہ سے غیر ملکی گندم پاکستان آنے کے چانسز ہیں ۔ ملک کے پاس گندم کافی مقدار میں موجود ہے اور مارچ کے پہلے ہفتے میں گندم کو ایکسپورٹ کیا جائے گا۔۔۔( علی/شاہد عباس)