کاٹن کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کے خاتمے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل میں کمی آئے گی،لاہور چیمبر

جمعرات 12 جنوری 2017 19:36

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے مراعات کے اعلان سے ملکی برآمدات پر بڑے دو ر رس نتائج برآمد ہونگے اور ان میں تین ارب ڈالر کے لگ بھگ اضافہ ہوگا تاہم مراعاتی پیکیج کا دائرہ کار ایکسپورٹ سے وابستہ تمام سیکٹرز تک بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں چھوٹی انڈسٹریز کو ترجیح دی جائے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کاٹن کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کے خاتمے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل میں کمی آئے گی جو بہت خوش آئند ہے کیونکہ یہ نہ صرف ملک کا سب سے بڑا برآمدی شعبہ ہے بلکہ روزگار کی فراہمی میں بھی اس کا بہت بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی سے دسمبر 2016ء کے دوران 9.912ارب ڈالر رہا جو اٴْس سے گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران 10.306ارب ڈالر تھا۔

(جاری ہے)

عبدالباسط اورناصر حمید خان نے کہا کہ انسینٹو پیکیج ایکسپورٹ سے وابستہ تمام صنعتوں کو دیکر قلیل عرصہ میں برآمدات تین گنا تک بڑھائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے فوڈ انڈسٹری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس شعبے کو خصوصی مراعات دی جاتی ہیں تو یہ شعبہ ملک کے لیے انتہائی قیمتی زرمبادلہ لاسکتا ہے۔ اسی طرح چاول، پھلوں و سبزیوں، فرنیچر، سیمنٹ، ٹائلز، ماربل، سافٹ ویئر اور لائیوسٹاک کے شعبوں کے لیے بھی انسینٹو پیکیج متعارف کرواکر بھاری معاشی فائدے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :