آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے متعلق مذاکرات کیلئے ترکی اور تھائی لینڈ کے وفود 17 جنوری کو پاکستان آئیں گے

تین ماہ کے دوران دستخط ہونے کے امکانات ہیں، چین کے ساتھ بھی آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر بات چیت ہو رہی ہے، وزارت تجارت

جمعرات 12 جنوری 2017 19:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) ترکی اور تھائی لینڈ کے اعلیٰ سطحی وفود آزادانہ تجارت کے معاہدہ (ایف ٹی ای) سے متعلق مذاکرات کیلئے 17 جنوری کو پاکستان آئیں گے، دونوں ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدہ (ایف ٹی ای) پر آئندہ تین ماہ کے دوران دستخط ہونے کے امکانات ہیں۔ وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق ترکی اور تھائی لینڈ کے حکام ایف ٹی اے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور اس سے متعلقہ امور پر مذاکرات کیلئے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر رسائی دینے کیلئے پرعزم ہے اور اس حوالہ سے چین کے ساتھ بھی آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے ساتھ ایف ٹی اے سے نہ صرف دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ برآمدات میں بھی تیزی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس حوالہ سے برآمد کنندگان، چیمبرز آف کامرس اور تمام شراکت داروں سے مشاورتی عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ ان ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے متعلق تجاویز حاصل کی جا سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حکومت برآمد کنندگان کو مسابقتی عمل میں شامل کرنے کیلئے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔