ایم کیو ایم کے رہنما کامران فاروقی کے خلاف مقدمات کی سماعت 27جنوری تک ملتوی

جمعرات 12 جنوری 2017 17:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کے خلاف دھماکہ خیز موادر اور چوری کی موٹر سائیکل رکھنے سے متعلق کیس کی سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی ہے ۔جمعرات کو انسدادہشتگردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما کامران فاروقی کے خلاف چوری کی موٹر سائیکل اور دھماکہ خیز مواد رکھنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت میں پولیس کی جانب سے ملزم کامران فاروقی کو پیش کیا گیا۔ کامران فاروقی کو جیل میں بی کلاس فراہم کرنے سے متعلق درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت نے سرکاری وکیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت نے سماعت 27 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی۔ واضح رہے کامران فاروقی خلاف تھانہ نبی بخش میں دھماکہ خیز مواد رکھنے اور چوری کی موٹر سائیکل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کامران فاروقی کے خلاف مقدمات کا چالان منتظم جج کے پاس پیش کیا گیا تھا جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت میں کیس منتقل کرنے کا حکم دے دیا تھا۔