جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر خورشید احمد سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی کی ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر جاری قربانیوں کے نتیجے میں نہ صرف عالمی سطح پر ہندوستان کے اندر اہل دانش اور سیاسی حلقوں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر اس خطے میں امن قائم نہیں رہ سکتا،برہان وانی کی شہادت کے بعد عالمی سطح پر یہ مسئلہ فلش پوائنٹ بن گیا جس سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے ‘پروفیسر خورشید

جمعرات 12 جنوری 2017 16:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر خورشید احمد سے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کی ملاقات،اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ بھی موجود تھے،ترجمان کے مطابق پروفیسر خورشید احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر جاری قربانیوں کے نتیجے میں نہ صرف عالمی سطح پر ہندوستان کے اندر اہل دانش اور سیاسی حلقوں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر اس خطے میں امن قائم نہیں رہ سکتا،برہان وانی کی شہادت کے بعد عالمی سطح پر یہ مسئلہ فلش پوائنٹ بن گیا جس سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں حکومت پاکستان ،آزاد کشمیر اور پاکستان کی قومی قیادت بھرپور سفارتی مہم کا اہتمام کرے باالخصوص میڈیا کے محاذ پر عالمی ذرائع ابلاغ کو کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے باخبر رکھنے کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے رائے عامہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے جس کی خصوصی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ،پروفیسر خورشید احمد نے کہا کہ بھارتی وفد کی حال میں دورہ کشمیر کی رپورٹ واضح طور پر اس حقیقت کو تسلیم کیا گیا ہے کہ محض نمائشی اقدامات سے کشمیریوں کو مطمین نہیں کیا جا سکتا جب تک یہ مسئلہ کا دیر پا حل تلاش نہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ ہندوستان نوشتہ دیوار پڑھ لے کشمیر میں ہونے والے مظالم بند ہونے چاہیے عالمی برادری نے کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کا وعدہ کیا ہے اسے پورا کیا جانا چاہیے،انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کے صدر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کے بیانات بڑے حوصلہ افزا ہیں یہ موقع ہے کہ ساری کشمیری قیادت اور حکومت مل کر بیس کیمپ کا حقیقی کردار بحال کریں ،سارے ادارے اور وسائل تحریک آزاد ی کشمیر کوترجیح اول میں رکھیں ،پاکستان میں بھی محض چند بیانات اور پروگرامات پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ تسلسل کے ساتھ اقدامات کی ضرورت ہے ،رائے عامہ کو منظم کیا جائے ہر فورم پرمسئلہ کشمیر اجاگر کیا جائے،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے پروفیسر خورشید احمد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر اور حکومت آزاد کشمیر کوشش کررہی ہے کہ کاز کی پشتیبانی کریں آنے والا 5فروری بھرپور طور پر منانے کی تیاریاں کررہے ہیں ،قومی کانفرنس کا انعقاد اور جلد مظفرآباد میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس منعقد کرنے کے لیے ہوم ورک جاری ہے ،یہ مسئلہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ یہ پوری قوم کا مسئلہ ہے جس کے لیے پوری قوم کو یکجان اور یک زبان ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔