حکمران غریب مکائو پالیسی پر کوشاں ہیں ،ملک کو ترقی اور خوشحالی لانے کے دعویداروں نے ملک کو اندھیروں میںدھکیل دیا ‘ مخدوم احمد محمود

ملک میں بجلی کا شارٹ فال مسلسل بڑھ رہا ہے ،حکمران اپنے کمیشن کی وصولی کیلئے سڑکوں کی تعمیر میں مصروف ہیں ‘ صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

جمعرات 12 جنوری 2017 14:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابقہ گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ملک میں عوام کو کس طرح مختلف طریقوں سے مسائل اور بحرانوں کی طرف دھکیلا جارہا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکمران غریب مکائو کی پالیسی پر کوشاں ہیں ناقص پالیسیوں کے باعث ہر طبقہ سڑکوں پر احتجاج کررہا ہے ملک کو ترقی اور خوشحالی لانے کے دعویداروں نے ملک کو اندھیروں میںدھکیل دیا ہے جس کی وجہ سے قوم مسلم لیگ ن کی قیادت اور انکی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ پر قومی اخبارات سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مخدوم احمد محمود نے کہا کہ قوم کو میٹرو منصوبوں کی نہیں بجلی اور گیس کی ضرورت ہے ملک میں بجلی کا شارٹ فال مسلسل بڑھ رہا ہے مگر حکمران اپنے کمیشن کی وصولی کے لئے سڑکوں کی تعمیر میں مصروف ہیں آبی ذخائر کی تعمیر سے ملکی ترقی کے دعوئوں کو حقیقت بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اراکین پارلیمنٹ سمیت تاجروں ، صنعت کاروں ، جاگیر داروں اور تما م بڑے طبقات کو گران قدر مراعات اور سہولتیں دینے کے واضح اشارے دے رہی ہے مگر ملک کے 95%انتہائی غریب اور سفید پوش عوام کو 30سال سے بڑھی ہوئی جان لیوا اور انتہائی شدید مہنگائی سے تحفظ دلانے کے لئے ابھی تک کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ 30سالوں کی طرح غریب عوام کوحسب معمول خزانہ خالی ہے یا حالات خراب ہیں کہ روائتی بہانے بازی سے ناصرف برائے نام ریلیف پرٹرخانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ٹیکسوں کی مد میں 500ارب سے زائد کے اضافے اور کئی ہزار ارب روپے کی سبسڈی کے خاتمے میں غریب عوام کے لئے پہلے سے شدت اختیار کئے ہوئے مسائل و مصائب میں مزید سنگینی کے ا ضافے کا اہتمام کررہی ہے۔لہذا ملک کے غریب عوام جان لیوا مہنگائی سے ریلیف کا اپنا آئینی قانونی اور اخلاقی حق لینے کے لئے سڑکوں پر آٰنے کی تیاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اس صورت حال سے بچنا چاہتی ہے تو اسے سابقہ حکومت کی طرح این ایف سی ایوارڈ کا اور صوبائی ایوارڈ کا اعلان سرکاری ملازمین ، پینشنر، کسانوں اور عام آدمی کے معاوضوںاور سہولتوں میں پارلیمنٹیرین کے اضافوں کے تناسب سے اضافہ کرنا ہوگا۔

کیونکہ کرپشن بے روزگاری نے غریبوں کی زندگی اجیرن کر دی ہیں۔پڑھے لکھے اور صحت مند معاشرے کے بغیر ترقی اور خوشحالی نہ ممکن ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کو دنیا کو بتا رہے ہیں کہ پاکستان ترقی کررہا ہے وزیر اعظم کو ملکی ترقی کے ثمرات کو خود اپنے خاندان اور پارٹی حواریوں تک منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے غریب عوام کو بھی اس میں شامل کرنا چاہیے۔