تھر میں پاکستان کا پہلا انٹرنیٹ ویلیج قائم کرنے کا اعلان

سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی اور وطین کے اشتراک سے فائبر آپٹک کیبل بچھادی گئی

جمعرات 12 جنوری 2017 13:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) تھر کے کوئلے سے کان کنی اور بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے والی سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی نے وطین ٹیلی کام کے اشتراک سے تھر کے علاقے میں پاکستان کا پہلا انٹرنیٹ ویلیج قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے جہاں وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کمپنی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تھر کے شہریوں کو جدید دنیا سے منسلک کرنے اور ڈیجیٹل سہولتوں کی راہ ہموار کرنے کے لیے اس منفرد سہولت کا اعلان تھر بلاک ٹو میں خصوصی پریس کانفرنس کے ذریعے کیا گیا جس سے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے سی ای او شمس الدین شیخ اور وطین ٹیلی کام کے سربراہ رضوان تیوانہ نے خطاب کیا۔

شمس الدین شیخ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تھاریو ہالیپوٹو اور سنہری دارس نامی دیہات کو وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی اور ان دیہات کے مکین 3 ایم بی اسپیڈ سے مستفید ہوسکیں گے، دوسرے مرحلے میں تھر کول بلاک ٹو میں واقع تمام اسکولوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کی جائیگی تاکہ ہماری میزبان کمیونٹی کے بچے بھی شہروں کے بچوں کی طرح اکیسویں صدی کے ڈیجیٹل عہد میں داخل ہوسکیں۔