چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈ مرل محمد ذکاء اللہ کی قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف اورقطر ایمیری نیوی کے سربراہ سے ملاقات،دفاعی تعاون اور باہمی اشتراک کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال

بدھ 11 جنوری 2017 23:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈ مرل محمد ذکاء اللہ، قطر کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران نیول چیف نے قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل غانم بن شاہین ال غانم( Ghanim Bin Shaheen Al Ghanim) اور کمانڈر قطر ایمیری نیوی میجر جنرل محمد نصیر ال مُہندی ( Mohammed Nasser Al Mohannadi)سے ملاقات کی۔

قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل غانم بن شاہین ال غانم سے ملاقات کے دوران دفاعی تعاون اور باہمی اشتراک کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نیول چیف نے دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کے کردار اور عزم بشمول کو لیشن میری ٹائم کمپین پلان اور بحری قذاقی کی بیخ کنی کے آپریشنز میں شرکت کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا اورپاک بحریہ کی جانب سے کثیرالقومی ٹاسک فورسز 150اور151کی کمانڈز پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل غانم بن شاہین ال غانم نے خطے میں سکیورٹی اور امن کے فروغ ، سمندر کی آزادی اور آزادانہ بحری تجارت کے لئے پاک بحریہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے کمانڈر قطری ایمیری نیوی میجر جنرل محمد نصیر ال مُہندی سے بھی ملاقات کی ۔ قطر ایمیری نیول فورسز ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر قطر ایمیری نیوی نے پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔

اس موقع پر نیول چیف کو روایتی سلامی پیش کی گئی۔ کمانڈر قطر ایمیری نیوی کے ساتھ ملاقات کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے باہمی دلچسپی کے اُمور اور دونوں ممالک کی بحری فورسز کے باہمی تعاون پر گفتگو کی۔پاک بحریہ کے آفیسرز اور سیلرز کے پیشہ ورانہ معیار اور بلند عزم کو سراہتے ہوئے کمانڈر قطر ایمیر ی نیوی پاک بحریہ اور قطر ایمیری نیوی کے درمیان مضبوط اور قریبی باہمی تعلقا ت کی تعریف کی اور مستقبل میں دونوں ممالک کی نیول فورسز کے درمیان موجود تعلقات کی مزید مضبوطی کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں ، نیول چیف نے ڈی جی کوسٹ گارڈ بریگیڈیر علی البدیر سے ملاقات کی اور قطر ایمیری نیول شپ برزان کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر فلیٹ کمانڈر قطری ایمیری نیوی نے پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا اور کمانڈنگ آفیسر نے جہاز کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے جہاز کے عملے سے بات چیت کی اور اُنکی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک خصوصاً دونوں ممالک کی نیول فورسز کے درمیان موجود تعاون میں مزید اضافے اور وسعت کا باعث ہوگا۔

متعلقہ عنوان :