وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ ٹیکسٹائل پیکیج انتہائی بروقت اور انتہائی حوصلہ افزاء ہے، صدر فیصل آباد چیمبر

بدھ 11 جنوری 2017 23:04

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے برآمدات بڑھانے کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے اعلان کردہ ٹیکسٹائل پیکیج کو انتہائی بروقت اور انتہائی حوصلہ افزاء قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء میں جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے فوراً بعد پاکستان کی برآمدات میں مجموعی طور پر 23 فیصد اضافہ ہوا تھا مگر اس کے فوراً بعد 2015 اور 2016 میں برآمدات میں بتدریج کمی ہونا شروع ہوگئی، فیصل آباد سمیت ملک بھر کے برآمدکنندگان اور صنعتی و تجارتی ادارے علاقائی حریف تجارتی ملکوں کے برآمدکنندگان کے مساوی مراعات کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت کی طرف سے بجلی کی 24 گھنٹے فراہمی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں فوری کمی ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس ٹیکسٹائل پیکیج سے برآمدات کو بڑھانے میں خاصی مدد ملے گی تاہم حکومت کو میڈ اپس کی طرح پروسیسڈ فیبرکس پر بھی 4 کی بجائے 6 فیصد ری بیٹ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیکٹر ز کو ری بیٹ کا فیصلہ اچھا اقدام ہے لیکن گرے یارن، یارن اور گرے کاٹن کی برآمد کی صرف اس وقت اجازت نہ دی جائے جب تک ملکی ضروریات کو پورا نہ کر لیا جائے۔

انہوں کہا کہ اس طرح ان اشیاء پر ری بیٹ کو بھی واضح طور پر ملکی ضروریات سے مشروط کیا جائے۔ انجینئر محمد سعید شیخ نے کاٹن اور یارن کی درآمد کی اجازت کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے ملک میں اس اہم خام مال کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں آسانی ہوگی اور اس سے مقامی منڈی میں ان کے ریٹ بھی کم ہونگے۔ مزید برآں ان سے تیارہونے والے برآمدی مال کے بہتر ریٹ ملنے سے ملک و وقوم کو بھی فائدہ ہوگا۔

صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پیکیج کے اعلان پر وزیر اعظم محمد نواز شریف، وزیر خزانہ اسحق ڈار اور وزیر تجارت خرم دستگیر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا ہے اور اپنے اس مطالبہ کو ایک بار پھر دوہرایا ہے کہ برآمدکنندگان کے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے بقیہ ری فنڈ کو فوری طور پر ادا کیا جائے تا کہ انہیں برآمدی مال تیار کرنے کے سلسلہ میں مالی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ ری بیٹ کے کیسوں کو بھی جلد پروسیس کرکے ان کی فوری ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔